خصوصی افراد کی رجسٹریشن، ملازمتوں میں کوٹہ مہیا کرنے کا جائزہ لیا گیا

ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کے اہم رکن ہیں جنہیں کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ خصوصی افراد کو محبت اور توجہ دے کر معاشرے کو فعال بنایا جا سکتا ہے کیونکہ خصوصی افراد کو اللہ تعالیٰ نے اضافی خوبیوں سے نوازا ہے۔ خصوصی افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ وہ معاشرے کے نارمل افراد کی طرح بہتر زندگی گزار سکیں۔

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 14 جون 2022) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ریڈریسل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، فوکل پرسن برائے نابینا افراد حافظ محمد الیاس، فوکل پرسن متاثرہ سماعت افرادعبدالخالق اور دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں خصوصی افراد کی رجسٹریشن، ملازمتوں میں کوٹہ، ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں سپیشل افراد کیلئے نئے واش روم کی سہولت مہیا کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ نے اجلاس کو اسپیشل افراد کےلئے ضلع منڈی بہاﺅالدین میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد اور نئے ایجنڈے میں شامل مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے کہا کہ حکومت سپیشل افراد کو زندگی کی دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے تا کہ ہر سطح پر ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جن محکموں سے متعلق ایشوز ہوں ان اداروں کے افسران یانمائندوں کو اجلاس میں لازمی بلایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ سپیشل افراد کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے خصوصی افراد کا معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ ایسا ماحول اور تعلق پیدا کیا جائے کہ انہیں بھی نارمل انسانوں کی طرح معاشرے میں زندگی گزار نے پر کوئی دقت پیش نہ آئے ۔

اجلاس میں معذور افراد کے نمائندگان نے در پیش مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا جس پرانہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ان کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔

Exit mobile version