حکومت کی جانب سے منڈی بہاءالدین کے سہولت بازاروں میں امپورٹڈ چینی 86 روپے فی کلومیں دستیاب ہے

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 06 نومبر 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح اشیائے ضروریہ بالخصوص آٹا، چینی، دالیں اور سبزیاں مقررہ نرخوں پر با آسانی اور وافر مقدار میں دستیاب کرانا ہیں جس کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ چینی کے مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ایسی شکایات موصول ہونے پر پرائس ایکٹ کے تحت جرمانے کے ساتھ گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں مارکیٹ اور سہولت بازاروں میں مقررہ قیمت پر چینی کی دستیابی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احسان الحق ضیاء، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز منڈی امتیاز علی، پھالیہ ساجد منیر کلیار، ملکوال عثمان غنی، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد ارشد تارڑ، ڈی او انڈسٹریز رانا محمد سعید اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور ڈی او انڈسٹریز کی جانب سے سہولت بازاروں، مارکیٹ اور شہر کی مخصوص دکانوں پر چینی کی مقررہ قیمت پر دستیابی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکومت نے عوام الناس کی سہولت کیلئے سہولت بازاروں میں امپورٹڈ چینی 86 روپے فی کلو جبکہ مخصوص دکانوں اور ہول سیل ڈیلروں پر 88روپے فی کلو اور اوپن مارکیٹ میں 90 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے اور اس زیادہ قیمت پر فروخت کی ہر گز اجازت نہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسسٹنٹ کمشنرز کی کاروائی،ذخیرہ کی گئی چینی کے 340 تھیلے برآمد، گودام سیل

جس پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر چینی کی مقررہ قیمت پر دستیابی کیلئے بھر پور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے افسرا ن کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رکھا جائے اور مصنوعی قلت پیدا کر کے صارفین کو لوٹنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کو ذخیرہ کرنا یا مہنگے داموں بیچنا ایک ناقابل ضمانت سنگین جرم ہے جس کی انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈینینس 2020 کے تحت 3سال قید کی سز ا اور ضبط شدہ مال کو 50 فیصد بطور جرمانہ عائد ہے ۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں ، ذخیرہ اندوزی میں ملوث عوام دشمن عناصر کی اطلاع ہیلپ لائن 0800-02345 پر دیں ۔ جس کی روشنی میں ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے شخص کو ضبط شدہ مال کا 10 فیصد بطور انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور پرائس مجسٹریٹس صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ دکانداروں کو اس بات کا پابند کریں کہ وہ اشیائے خوردونوش بالخصوص چینی کے سرکاری ریٹ لسٹوں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور پرائس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پابند سلاسل کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی ہدایت کی روشنی میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر متعلقہ محکموں کے افسران باقاعدگی سے چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہے ہیں تا کہ کسی بھی قسم کی عدم دستیابی اور قلت سے بر وقت نبٹاجا سکے۔

Exit mobile version