حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا

jaloos moharram

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وسیم ریاض خان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد احمد ظہیر کی زیرصدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی پی او آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر محمد ریاض، ممتاز علمائے کرام، انجمن تاجران کے رہنماؤں سمیت امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔

منڈی بہاءالدین ( 31 جولائی 2025 ) اجلاس میں چہلم حضرت امام حسینؑ کے سلسلے میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں چہلم حضرت امام حسینؑ کے جلوسوں کے روٹس، مجالس کے سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی پی او وسیم ریاض خان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین چہلم کے تمام جلوسوں و مجالس عزا کے انتظامی امور کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ محکمہ پولیس مکمل ویجیلنس کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے گا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ محکمہ جات اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی سر انجام دیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں جلوسوں کے روٹس کا از خود معائنہ کریں اور قبل از وقت تمام انتظامات کو مکمل کرائیں۔ جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، سیوریج، برقی تاروں کی درستگی اور دیگر ضروری مرمتی امور کو قبل از وقت مکمل کیا جائے تاکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر امن کمیٹی کے ممبران نے ضلع میں امن و بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی پی او اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں اتحاد بین المسلمین اور قیام امن کی کاوشوں پر ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس کے اختتام پر دعائے خیر بھی کرائی گئی۔

Exit mobile version