تمام محکمے مربوط اور سائنٹیفک انداز میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کریں، محمد شفیق

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں، حکومت سنجیدگی کے ساتھ ان ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت اقدامات اٹھا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے مربوط اور سائنٹیفک انداز میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کریں تا کہ عوام الناس کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

منڈی بہاو ءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 08 ستمبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں انسداد ملاوٹ مہم کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضیاء اللہ گوندل، ڈی او انڈسٹریز مرزا محمد سعید، اسسٹنٹ کمشنرز، پراسیکیوشن آفیسر، سپیشل برانچ، پولیس، سی او ایم سیز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد ناصر نے اجلاس کو ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کی سائینٹفک معیار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی، اسسٹنٹ کمشنرز، لائیو سٹاک ، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ محکموں کو مل کر مربوط پلان تیار کر کے ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاﺅن کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ اشیائے خوردونوش بالخصوص پینے کے صاف پانی کی بوتلوں ، دودھ، گوشت، دالوں، گھی، کوکنگ آئل اور مصالحہ جات کی عوام الناس کو ملاوٹ سے پاک فراہمی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور مارکیٹوں، منڈیوں، ہول سیل ڈیلروں اور دکانوں پر ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کے معیار اور کوالٹی کی سخت مانیٹرنگ اور چیکنگ کے عمل کو تسلسل سے جاری رکھا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف اقدامات اٹھانے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملاوٹ ایسی معاشرتی برائی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے قوانین میں بہتری اور ترامیم بھی لائی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ میں ملوث انسانی جانوں سے کھیلنے والے قانون کے شکنجے میں لائے جائیں گے اور ان کو کہیں بھی چھپنے کیلئے جگہ نہیں ملے گی۔

Exit mobile version