منڈی بہاؤالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 10 اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ تمام ضلعی و ریونیو افسران بالخصوص پٹواری صاحبان اپنا قبلہ درست کر لیں اورسروس ڈیلیوری کے حوالہ سے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اپنے دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور نرمی کے ساتھ برتاؤ کریں اور ان کے جائز کاموں کی فوری طور پر دادرسی کریں اگر کسی دوسرے کے متعلقہ کام ہو تو اس کو لکھ کر دادرسی کے لیے عمل درآمد کروائیں ۔
ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ مال اور دیگر تمام ضلعی محکموں کے افسران واہلکاران کی سروس ڈیلیوری اور خوش اخلاقی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق ، سی او ایجوکیشن ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ،سیکرٹری آر ٹی اے ، ڈی او ہیلتھ ، ڈی او انڈسٹری ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ، ڈی او پاپولیشن ویلفیئر، محکمہ پولیس اور محکمہ مال کے افسران ،گرداور ، پٹواری اوردیگر ر یونیو عملہ کی ایک کثیر تعداد شریک تھی ۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے صوبائی حکومت کی جانب سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں بتایا کہ صوبائی حکومت کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اوراس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انھوں نے تمام ضلعی وریونیو افسران بالخصوص پٹواری صاحبان کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں اور اپنے دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور نرمی کے ساتھ برتاؤ کریں اور ان کے جائز کاموں کی فوری طور پر دادرسی کریں اگر وہ کام ان کے متعلقہ نہ ہو تو جس کے متعلقہ ہو لکھ کر اس پر عمل درآمد کروائیں تاکہ سائلین کو کسی قسم کی دقت پیش نہ آئے ۔
انھوں نے افسران سے کہا کہ صوبائی حکومت کی واضح ہدایت ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارکردگی پیش کریں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی سستی اورکاہلی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انھوں نے اسسٹنٹ کمشنرزاورسی اوز ایم سی صاحبان کو ہدایات کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر صبح 6 بجے صفائی ستھرائی کے حوالہ سے میونسپل عملہ کی کارکردگی کو چیک کریں اور اس کی تصاویر ڈی سی آفس کے ساتھ شیئر کریں ۔
انھوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی واضح ہدایات ہیں کہ سڑکوں اور شاہراہوں پر غیر قانونی سپیڈبریکر ز دو یوم کے اندر ہٹا دیے جائیں گے اور اس کی رپور ٹ وزیراعلیٰ آفس کو بھجوائی جائے ۔علاوہ ازیں تینوں تحصیلوں کے شہری علاقوں میں کسی بھی قسم کے ناخوش گوار واقعہ کے ہونے سے قبل 48 گھنٹوں کے اندر مین ہولز کو ڈھکنوں کے ساتھ کور کیا جائے اور اس کی تصویری رپورٹس سی ایم آفس کو بھجوائی جائے ۔ انھوں نے مزید بتایاکہ سرکاری زمینوں پر قبضہ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا ۔ ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اورواگزارکروائی گئی سرکاری زمین کی تصاویر کے ساتھ ہفتہ وار رپورٹ سی ایم رپورٹ کو بھجوائی جائے ۔
انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی واضح ہدایت ہے کہ تمام محکموں کے افسران اور اہلکاران اپنے اپنے دفاتر میں روزانہ کی بنیاد پر اپنی حاضری کویقینی بنائیں اور عدم دستیابی کی صورت میں ڈی سی آفس کو مطلع کیاجائے ۔انھوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر ڈی سی آفس میں عوام الناس کی سہولت کے لیے شہری اور دیہی علاقوں سے جانور وں ،پانی کی چوری اور بجلی کے غلط بلوں کی دادرسی کے لیے سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے ۔
انھوں نے محکمہ صحت کے افسران کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ شعبہ صحت سے متعلق ہسپتالوں ،دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت کے دورے کرے اور وہاں پر عوام الناس کو مہیا کی جانے والی طبی سہولیات اورصفائی ستھرائی کے نظام کو یقینی بنائیں ۔ انھوں نے اجلاس کو بتایا کہ ان تمام اُمور کی نگرانی وزیراعلیٰ پنجاب آفس سے کی جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کسی بھی وقت کسی بھی جگہ سرپرائزوزٹ بھی کر سکتے ہیں اور اس ضمن میں تمام محکمے مکمل تیاریوں کے ساتھ الرٹ رہیں ۔