منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16 مارچ 2022) ڈپٹی کمشنر محمد شاہد کی ہدایت پر سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فریال فخر نے شہر کے مختلف روٹس پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کا اچانک معائنہ کیا، معائنہ کے دوران اوور لوڈنگ، روٹس پرمٹ اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ٹرانسپورٹرزکے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 32 گاڑیوں کے چالان اور 5 گاڑیاں ضلع کے مختلف تھانہ جات میں بند کرا دیں۔
اس موقع پر ڈی آر ٹی اے فریال فخر نے ٹرانسپورٹ مالکان کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایسے غیر قانونی فعل سے باز رہیں ۔ چیکنگ کے دوران اوور لوڈنگ ، بغیر روٹس پرمٹ گاڑیاں چلانے والوں کو بھاری جرما نے کئے جائیں گے اور انہیں جیل کی ہوا بھی کھانی پڑے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ کسی کو عوام کے حقوق کا استحصال نہیں کرنے دیں گے، ڈرائیور حضرات معمولی فائدے کیلئے قانون توڑنے سے گریز کریں.
آر ٹی اے فریال فخر نے کہا کہ شہریوں کی بہتری اور مفاد کیلئے سخت فیصلے ضروری ہیں تا ہم کارروائی کا مقصد کسی کا روزگار چھیننا نہیں۔ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے میں ٹرانسپورٹرز ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ڈپٹی کمشنر کی واضح ہدایت کے مطابق ایسے عناصر سے کوئی رورعایت نہ برتی جائے گی۔