ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی ایک کمیونٹی مرض ہے اس کے تدارک کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 30 جون 2022) قبل ازیں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس،ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتے (23سے 29جون) کی کاروائی کے دوران 518 ٹیموں نے ان ڈور 80 ہزار 850 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ65 ٹیموں نے آﺅٹ ڈور 10 ہزار 140 گھروں کو چیک کیا۔
اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 3 لاکھ 12 ہزار 659 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت 39 ہزار 730 کنٹینرز چیک کئے گئے اور 11 مثبت لاروا برآمد ہونے پر کیمیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی جبکہ ہاٹ سپاٹ کوریج سوفیصد رہی۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر 709 نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ انسدادڈینگی مہم پر سو فیصد عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے اور جسے ہم سب نے مل کراجتماعی کوششوں سے کامیاب بنانا ہے۔ نا صرف محکمہ صحت بلکہ دیگر متعلقہ محکمے اور عوام الناس مشترکہ کاوشوں سے انسداد ڈینگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیمیں ان ڈور ،آوٹ ڈور سرویلنس کے کام میں مزید بہتری لائیں کیونکہ منڈی بہاوالدین کو ڈینگی فری بناناضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں سی او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ضیاء اللہ گوندل،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈی ایچ او ڈاکٹر افتخار، فیلڈ آفیسر ماحولیات عاطف عمران، ڈپٹی ڈی ایچ اوز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
