منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 03 مارچ 2022 ) ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ عملی اقدامات سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلع میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو جذبہ حب الوطنی کے تحت مکمل کیا جائے گا اور انسداد پولیو ٹیموں کی جانب سے کسی بھی قسم کی سستی یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں انسداد پولیو مہم کے تینوں روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر افتخار، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خالد عباسی، فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف خالق اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں اجلاس کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے تین روز میں پانچ سال تک کی عمر کے2 لاکھ 21 ہزار 307 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے جبکہ ہدف2 لاکھ 33 ہزار 635 مقرر کیا گیا تھا۔ اس طرح مجموعی کوریج 95 فیصد رہی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا کہ کیچپ ڈیز کے دوران پولیو ویکسین پینے سے رہ جانے والے بچوں کی سو فیصد کوریج کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کی روشنی میں ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہی ہمارا اصل ہدف ہونا چاہیئے محض بچوں کی مقرر کردہ تعداد کی ویکسی نیشن کر کے کام کومکمل نہیں سمجھنا چاہیئے۔
انہوں نے کہاکہ کیچپ ڈیز کے دوان پولیو مہم کے تینوں دنوں کے دوران پیش آنے والے مسائل کا از سر نو جائزہ لے کو مسائل حل کر کے مہم کو اہداف کے مطابق کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت بالخصوص انسداد پولیو ٹیموں کے افسران، اہلکاران اور پولیو ورکرز محکمے کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔ امید ہے کہ سب کی عملی اور انتھک کاوشوں سے ملک بالخصوص صوبہ پنجاب بہت جلد پولیو فری زون بن جائے گا۔
