اسسٹنٹ کمشنرز کی کاروائی،ذخیرہ کی گئی چینی کے 340 تھیلے برآمد، گودام سیل

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 05 نومبر 2021) حکومت پنجاب کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار اور اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی نے چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے کریک ڈاﺅن شروع کر دیا۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ نے سپیشل برانچ کی اطلاع پر پاہڑیانوالی میں ایک مقامی گودام سے 300 تھیلے چینی برآمد کر کے قبضے میں لے کر گودام کو سیل کر دیا جبکہ 20ہزار روپے جرمانہ بھی کر دیا۔

اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر ملکوال نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے بھیرہ روڈ ملکوال میں ایک مقامی گودام سے 130 تھیلے چینی برآمد کر کے گودام کو سیل کر دیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں گراں فروشی بالخصوص چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے عوام دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کریک ڈاﺅن جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اشیائے خوردونوش کو ذخیرہ کرنا یا مہنگے داموں بیچنا ایک ناقابل ضمانت سنگین جرم ہے جس کی انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈینینس 2020 کے تحت 3 سال قید کی سز ا اور ضبط شدہ مال کو 50 فیصد بطور جرمانہ عائد ہے ۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں ، ذخیرہ اندوزی میں ملوث عوام دشمن عناصر کی اطلاع ہیلپ لائن 0800-02345 پر دیں ۔ جس کی روشنی میں ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے شخص کو ضبط شدہ مال کا 10 فیصد بطور انعام دیا جائے گا.

یہی وجہ ہے کہ حکومتی ہدایت کی روشنی میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر قیمتوں میں استحکام کیلئے مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سختی سے مانیٹرنگ کر رہی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے کہا کہ چینی کے مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ایسی شکایات موصول ہونے پر پرائس ایکٹ کے تحت جرمانے کے ساتھ گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔

Exit mobile version