ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ لیول مانیٹرنگ کمیٹی (چاول کی فصل) کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاول کی فصل کی صورتحال اور چاول کی کاشت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 28 جولائی 2025 ) ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخ محمد اقبال نے اجلاس کو وزیراعلیٰ انیشیٹوز،چاول کی فصل، کسان کارڈ، پنجاب کسان کارڈ ہیلپ ڈیسک، گندم سپورٹ پروگرام، گرین ٹریکٹر سکیم، چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام، سپر سیڈرز کی فراہمی، معیاری کھادوں اور زرعی دوائیوں کی فراہمی سمیت دیگر انیشیٹوز بارے تفصیلی آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ کسان کی خوشحالی کا مطلب ملک کی مجموعی ترقی ہے اور کسان کو سہولتیں فراہم کئے بغیر زرعی شعبے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا، حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح بہبود کیلئے لا تعداد اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ فصلوں کی بہترین پیداوار کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر من و عن عمل کریں اور ممنوعہ ادویات استعمال نہ کریں۔ اس موقع پر کسان بورڈ کے نمائندوں نے کسانوں کے مسائل اور ان کے حل کیلئے گزارشات بھی پیش کیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے جائز مطالبات کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
