ڈپٹی کمشنر ان ایکشن: شہر بھر میں صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس کو بحال کروا دیا

ڈپٹی کمشنر محمد شاہدنے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کے 18 نکاتی ایجنڈے کے تحت ضلع منڈی بہاﺅالدین میں صفائی‘ نکاسی آب‘ وال چاکنگ‘ تعلیمی اداروں کے قریب طلباءوطالبات کیلئے محفوظ سڑک کراسنگ‘ خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی‘ گرین بیلٹس، بل بورڈز کی سیفٹی، سڑکوں کے پیچ ورک، گندگی کے ڈھیروں کی تلفی سمیت دیگر عوامی مسائل کے حل کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے تیزی سے اقدامات کررہے ہیں۔

منڈی بہاﺅلدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 09 فروری 2022) انہوں نے بتایا کہ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن کی خصوصی ہدایات کے تحت ضلع بھر میں ٹھوس اور مربوط اقدامات کے ذریعے عوام الناس کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جارہاہے۔ اس سلسلہ میں گذشتہ تین ہفتوں میں 44 کھلے مین ہولز کو کور کردیاگیاہے اور80 یونین کونسلز اور وارڈز میں 100 فی صد مین ہولز پر ڈھکن لگائے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا پہلا بڑا عوامی اجتماع منڈی بہاؤالدین میں ہوگا

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں 6 مقامات پر تعلیمی اداروں کے سامنے طلبا وطالبات کی محفوظ روڈ کراسنگ کو یقینی بنانے کیلئے روڈ سائن نصب کردئیے گئے ہیں جبکہ 386 خراب سٹریٹ لائٹس کو بحال کردیاگیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان تین ہفتوں میں سیوریج اورنکاسی آب سے متعلق 1661 میٹرک ٹن کوڑا کرکٹ کو مقررہ ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کیا جاچکاہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں 3 بس اڈوں پر رنگ سفیدی‘ صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاگیاہے جبکہ 24 سرکاری عمارات کی بھی رنگ سفیدی کا عمل مکمل کرلیاگیاہے۔

انہوں نے بتایا کہ 45 عوامی مقامات پر کی جانے والی وال چاکنگ ختم کردی گئی ہے جبکہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوبارہ وال چاکنگ کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ 65 ہسپتالوں کی صفائی ستھرائی کرائی گئی ، اسی طرح 1145 مساجد میں خطبات کے دوران صفائی ستھرائی کے حوالے سے بتایا گیا جبکہ 778 سکولوں میں بھی صفائی ستھرائی کے حوالے سے طلباءکو آگاہی دی گئی ۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور اوورلوڈنگ گاڑیوں کو 2 لاکھ 23 ہزار 500 روپیہ بھی جرمانہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں 20 خطرناک بل بورڈز کو ختم کیا گیا جبکہ 77 بل بورڈز کی سیفٹی کو یقینی بنایا گیا، اسی طرح 39 بجلی کی لٹکتی تاروں کو ہٹایا گیا اور 7 ٹرانسفارمرز کو محفوظ مقامات پر لگایاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ 7 کلومیٹر گرین بیلٹس کی تزئین کی گئی، اسی طرح 11کلومیٹر اربن اور رورل ایریاز میں سڑکوں کے پیچ ورک کو مکمل کیا گیا جبکہ ہائی وے کے 3 پلوں کو رپیئر کر کے ان کی حالت زار کو مزید بہتر بنایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد شاہدنے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل اور شکایات کے ازالہ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اوراس سلسلہ میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی کی بھی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Exit mobile version