کراچی: سیاسی کشیدگی اور معیشت کے خراب حالات روپیہ پر دباؤ کا باعث بن گئے جس کے نتیجے میں منگل کو بھی ڈالر کی تیز رفتار اڑان جاری رہی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کے انٹربینک ریٹ 175 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ ریٹ 176 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔ یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 9 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ پاکستان میں سونے کی قیمتیں دبئی مارکیٹ سے بھی 4000 روپے بڑھ گئی ہیں
ایکسپریس نیوز کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 84 پیسے کے اضافے سے 175.27 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 90 پیسے بڑھ کر 176.40 روپے پر بند ہوئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں عدم مخالفت اور ڈالر کی قدر کو مارکیٹ فورسز پر چھوڑنے کی پالیسی سے ایک طرف تو درآمدات کی حوصلہ شکنی کرنی ہے جبکہ دوسری جانب آئی ایم ایف کو روپیہ کی قدر کو آزاد رکھنے کا پیغام دینا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں فی بیرل برینٹ کی قیمت بڑھ کر 86 ڈالر اور امریکی تیل ڈبلیو ٹی آئی کی فی بیرل قیمت 85 ڈالر کے ساتھ سات سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنے جیسے عوامل کے باعث بھی ڈالر اور دیگر اہم غیرملکی کرنسیوں کے مقابلے میں روپیہ مسلسل تنزلی دوچار ہے۔
اسلام آباد: یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 9 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی تاریخی بے قدری کے باعث یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
اوگرا ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم نومبر سے پیٹرول 8 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل ساڑھے 9 روپے، مٹی کا تیل 7 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت ساڑھے 6 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی حتمی سمری 30 اکتوبر کو پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا۔ واضح رہے کہ ملک میں اس وقت پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، جس کی وجہ سے حکومت کو شدید عوامی اور سیاسی تنقید کا سامنا ہے
کراچی: ڈالر کی بے لگام اڑان سے سونے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے جس کے باعث پاکستان میں سونے کی قیمتیں دبئی مارکیٹ سے بھی 4000 روپے بڑھ گئی ہیں۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت ڈالر کے اضافے سے 1804 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 4200 روپے اور 3600 روپے کا نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔
اس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 132000 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 113168 روپے ہوگئی۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 50 روپے بڑھ کر 1520 روپے پر مستحکم رہی اور دس گرام چاندی کی قیمت 42.87 روپے بڑھ کر 1303.15 روپے ہوگئی