ملک وال(نامہ نگار) نواحی علاقہ پنڈمکو میں فری میڈیکل و آئی کیمپ کا انعقاد، سینکڑوں مریضوں کا مفت چیک، ادویات بھی بلامعاوضہ فراہم کی گئیں-
تفصیلات کے مطابق ملک وال کے علاقہ پنڈمکو میں فلاحی تنظیم کے زیراہتمام فری میڈیکل و آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہر ڈاکٹرز نے دور دراز سے آئے سینکڑوں مریضوں کا مفت چیک اپ کر کے انہیں بلامعاوضہ ادویات فراہم کیں۔ گوندل ویلفئیر فورم کے زیراہتمام یہ کیمپ صاحبزادہ محمد احسن حفیظ ڈیرہ میاں صاحب کدھر شریف کی زیرسرپرستی لگایا گیا، انہوں نے خصوصی شرکت کی اور تنظیم کی ترقی و بہتری کے لئے دعا کی۔
بعد ازاں گفتگو کرتے ہوئے میڈیکل و آئی کیمپ کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف خدمت خلق اور رضائے الہٰی کا حصول ہے- صحت کے شعبہ میں ناکافی سہولیات کے باعث صحت عامہ متاثر ہے، اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کر کے ہی اس میں بہتری لائی جا سکتی ہے- خدمت کے اسی جذبے کے تحت کیمپ لگانے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
چوہدری قیصر رضوان گوندل، چوہدری شہزاد گوندل، حاجی محمد اعظم گوندل، چوہدری تصور عباس گوندل، خضر سلطان گوندل، شاہد عمران گوندل ایڈووکیٹ، قیصر محمود گوندل سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد شریک تھی.