وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نےUoGسب کیمپس منڈی بہاؤ الدین کا دورہ کیا

UOG VC

وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نےUoGسب کیمپس منڈی بہاؤ الدین کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر شبر عتیق نے سب کیمپس میں تعلیمی اُمور، علمی سرگرمیوں وغیرہ پر اطمینان کا اظہار کیا اور سب کیمپس کو تعلیمی و تحقیقی ترقی کے سلسلہ میں مزید سہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا۔

منڈی بہاؤ الدین (بیورورپورٹ) پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے طلبہ و اساتذہ کی جانب سے ایک خیر سگالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کامل دلچسپی سے خود کو اعلیٰ تعلیم کے لیے وقف کرتے ہوئے وطن عزیز کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ دور حاضر میں علم سے قیمتی کوئی چیز نہیں۔ دنیا بھر میں علم پر استوار معیشتیں ہی کامیاب اقوام کا نشان اوّلین ہیں۔

جامعہ گجرات اپنے طلبہ کی علمی و تعلیمی ترقی کی امین و پاسبان ہے۔ سب کیمپس منڈی بہاؤ الدین کو اعلیٰ تر تعلیمی سہولیات فراہم کرتے ہوئے طلبہ کے لیے افادہ بخش بنایا جائے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر فیض الحسن نے کہا کہ تعلیم ایک طاقت ہے۔ انسانی زندگی اور تہذیب کے ارتقا میں تعلیم و تربیت نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ تعلیم ایک مسلسل عمل ہے جو ہمارے مستقبل کو سنوارتے ہوئے کامیاب انسان بنانے میں از حد مددگار ہے۔

یاد رہے کہ جامعہ گجرات کے سب کیمپس منڈی بہاؤ الدین کا قیام 2019میں عمل میں آیا تھا۔ یہاں پر مختلف شعبہ جات ومضامین میں طلبا و طالبات سینکڑوں کی تعداد میں علم کی دولت سے مستفید ہو کر پاکستان کے ذمہ دار اور کار آمد شہری بننے کی راہ پر رواں دواں ہیں،

UoGسب کیمپس آمد پر ڈائریکٹر کیمپس میاں ظہیر الدین بابر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق اور یونیورسٹی آف گجرات کے مین کیمپس سے آنے والے مہمانوں کا استقبال کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق کی خصوصی دعوت پر سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور ممتاز استاد پروفیسر ڈاکٹر فیض الحسن بھی لاہور سے UoGسب کیمپس منڈی بہاؤ الدین تشریف لائے۔

مین کیمپس سے آنے والے مہمانوں میں ڈین فیکلٹی برائے انجینئرنگ وٹیکنالوجی، چیف لائبریرین، ڈپٹی لائبریرین، انچارج ٹرانسپورٹ و دیگر شامل تھے۔ میاں ظہیر الدین بابر نے UoG سب کیمپس منڈی بہاؤ الدین کی تاسیس، ترقیاتی سرگرمیوں، تعلیمی فعالیت اور آئندہ امکانات پر بھرپورروشنی ڈالتے ہوئے بریفنگ دی۔

Exit mobile version