منڈی بہاؤالدین میں اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتیں مقرر، نوٹیفکیشن جاری

AC along with the tehsildar conducted price checking in the city

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت ضلع منڈی بہاءالدین کی عوام الناس کو مہنگائی سے ریلیف مہیا کرنے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے مثبت ثمرات نچلے طبقے تک منتقل کرنے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔

منڈی بہاءالدین ( 26 جولائی 2025) اجلاس میں ای اے ڈی اے، ڈی او انڈسٹریزرانا محمد سعید، تاجر تنظیموں کے عہدیداران، کریانہ مرچنٹس، نان بائی، دودھ فروش، پولٹری، سبزی فروش سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتوں کا تعین تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی مشاورت، اوپن وہول سیل مارکیٹ اور دیگر اضلاع میں رائج قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق چاول باسمتی سپر280 روپے فی کلو گرام، چاول کائنات 290 روپے کلو، بیسن 260 روپے، دال چنا (موٹی) 265 روپے، دال چنا (باریک) 245 روپے، دال مسور (موٹی) 250 روپے کلو، دال ماش دھلی ہوئی 395 روپے، دال ماش (چھلکا) 365 روپے، دال مونگ دھلی ہوئی 323 روپے، سیاہ چنا 260 روپے کلو، سفید چنا باریک 235 روپے، روٹی (100گرام) 13 روپے، سادہ نان (120گرام) 20 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔

چھوٹاگوشت ) مٹن 1600 روپے کلو، بڑا گوشت ) بیف ( 800 روپے، دودھ 170 روپے لیٹر، دہی 180 روپے کلو جبکہ گوشت برائلر، انڈے، سبزی و پھل وغیرہ کے نرخ مارکیٹ کمیٹی کے جاری کردہ ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر نفاذ اور ان پر عملدرآمد سو فیصد یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ زائد قیمت فروخت کرنے والے دکانداران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں، ریٹ لسٹیں نمایاں جگہ پر آویزاں کی جائیں۔جو دکاندار اس پر عملدرآمد نہ کرے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Exit mobile version