ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردر عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلعی حکومت کے زیر اہتمام جشن بہاراں کی 3روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ، انہوں نے کہاکہ تفریحی پروگرامز اس طرح مرتب کئے جائیں کہ زیادہ سے زیادہ شہری لطف انداز ہو سکیں۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 09 مارچ 2022) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں جشن بہاراں فیسٹیول کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر احسان الحق ضیاء، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق ، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین کاشف جلیل، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ محمد عرفان ہنجرا، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈی ڈی کالجز محمد فاروق، میونسپل کمیٹیز کے سی اوز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہاکہ تقریبات میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے تا کہ ہم سب مل کر جشن بہاراں کا شایان شان استقبال کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام ایونٹس ضلعی ہیڈکوارٹر پر کرانے کی بجائے تینوں تحصیلوں میں الگ الگ پروگرامز منعقد ہوں گے۔ انہوں نے مختلف تفریحی پروگرامز کبڈی میچ، فلاور شو، آرٹ نمائش، مشاعرہ، تقاریری مقابلہ جات، فوک میوزیکل کی تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کی جلد تکمیل کی ہدایت کی ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فوک میوزیکل میں مقامی ممتاز موسیقاروں کو مدعو کیا جائے جبکہ محفل مشاعرہ میں بھی مقامی معروف شعراء کرام کو مدعو کیا جائے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے موسم خزاں کی ٹری پلانٹیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرسبز پاکستان اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہم سب کا عزم ہونا چاہیے۔پودے صاف ماحول اور صحت کے ضامن ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پودا لگانے کے بعد اس کے تناور درخت بننے تک اس کی نشوونما اور نگہداشت کیلئے سو فیصد اقدامات یقینی بنائے جائیں۔قبل ازیں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی او فاریسٹ نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین امسال 2022 میں 10 لاکھ 79 ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جس کے تحت محکمہ جنگلات کو 2 لاکھ 73 ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے.
اسی طرح پاک آرمی کو ایک لاکھ 5 ہزار، ایجوکیشن 50 ہزار، ہیلتھ30 ہزار،لوکل گورنمنٹ7 ہزار، جبکہ کالجز، لائیو سٹاک، زراعت، ایم سی منڈی، پھالیہ، ملکوال، ضلع کونسل، سوشل ویلفیئر، ہائی وے کو 10,10ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ پرائیوٹ لینڈ مالکان کیلئے ایک لاکھ 77 ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے ۔
جس پر ڈپٹی کمشنر محمد شاہدنے کہا کہ نوجوان نسل اور ہر شہری کو پودوں کی اہمیت سے آگاہی ضروری ہے اور معاشرے کے ہر باشعور اور ذمہ دار شہری کو شجرکاری مہم میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے اپنے گھروں کے احاطوں اور دیگر موذوں جگہوں پر پودے لگانا ہوں گے تاکہ ملک سرسبز و شادات اور ماحول کو صحت بخش بنایا جاسکے۔انہوںنے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ انفرادی اور اجتماعی طور پر شجرکاری مہم میں حصہ لیں اور قومی فریضہ سمجھتے ہوئے شجرکاری کریں۔
