محکمہ صحت کے افسران یونینز،تحصیل اور ضلعی سطح پر ہفتہ وار انسداد ڈینگی ایکٹویٹی کی مانیٹرنگ کریں، محمد شفیق

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی کمیونٹی ڈیزیز ہے اس پر مکمل طور پر قابو پانے کیلئے اجتماعی آگاہی اور عملی اقدمات انتہائی ناگزیر ہیں، عوام الناس کو ڈینگی سے بچانے کیلئے ویکٹر سرویلنس کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں لاروہ کے پیدا ہونے والی جگہوں کو ختم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جا ئے.

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 26جولائی 2021) انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون کی بارشوں سے ڈینگی ماحول کو متاثر کر سکتا ہے اس لئے ڈینگی کے خاتمہ اور اس کے کنٹرول کیلئے ضلع بھر میں تمام متعلقہ محکمے خصوصاً محکمہ صحت بھر پور اقدامات کرے ، اس ضمن میں حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اس حوالے سے کوئی کوتاہی یا سستی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل ڈی ایچ او ز ڈاکٹر افتخار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زرعت محمد اقبال ،ڈپٹی ڈائریکٹر عاطف وڑائچ ، ایم ایس ٹی ایچ پھالیہ ڈی ڈی ایچ او ز اور د یگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجودہ تھے .

ایڈیشنل ڈ پٹی کمشنر جنرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے کمیونٹی کے عملی تعاون کے بغیر ڈینگی مچھر کا خاتمہ ممکن نہیں بالخصوص گلی، محلوں، گھروں، پارکوں اور دیگر مخصوص جگہوں پر مچھروں کی افزائش روکنے کے لئے محکمہ صحت کے علاوہ کمیونٹی موبلائزیشن موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ یونینز،تحصیل اور ضلعی سطح پر ہفتہ وار انسداد ڈینگی ایکٹویٹی کی نا صرف مانیٹرنگ کریں بلکہ اس کا از خود جائزہ بھی لیں۔

ہاٹ سپاٹ جگہوں کی نشاندہی پر لاروا کے خاتمے اور ڈینگی سرویلینس کو موثر بنایا جائے۔انہوں نے شرکاءپر زور دیا کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول ، دفاتر کے اندر، چھتوں، باغیچوں، پارکوں اور پبلک مقامات کو صاف اور خشک رکھنے کیلئے عملی اور موثر کردار ادا کریں تاکہ موسم برسات میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاﺅپر قبل از وقت قابو پایا جا سکے.

Exit mobile version