محکمہ صحت کی ٹیموں نے 1 لاکھ 78 ہزار 445 بچوں کو خسرہ کے حفاظتی ٹیکے لگائے

خسرہ و روبیلا ویکسی نیشن مہم کے پہلے چار دنوں میں محکمہ صحت کی ٹیموں نے 9ماہ سے لے کر 15سال تک کی عمر کے 1 لاکھ 78 ہزار 445 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جبکہ ہدف 1 لاکھ 72 ہزار 558 کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا اور اس طرح ہیلتھ ٹیموں نے مقررہ ہدف سے 4فیصد زائد کا ٹارگٹ حاصل کیا۔

منڈی بہاءالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19 نومبر 2021) یہ بات آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری خسرہ روبیلا ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی بریفنگ میں بتائی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ڈائر یکٹر ہیلتھ سروسز سرگودھا پراونشل مانیٹرنگ سیل ڈاکٹر رانا محمد ریاض ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو /ای پی آئی رافعہ ناہید اور دیگر افسران موجود تھے۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خسرہ و روبیلا ویکسی نیشن مہم کا آغاز 15 نومبر سے کر دیا گیا تھا جو کہ 27 نومبر تک جاری رہے گی۔ دریں اثناء ضلع منڈی بہاو ءالدین کی 65 یونین کونسلوں میں 9ماہ کی عمر سے لے کر 15سال تک کے 6 لاکھ 63 ہزار 420 بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔ اس مہم میں محکمہ صحت کی431 ٹیمیں ، 78فکسڈ سائٹس، 65ٹیم سپورٹس سنٹرز، 124 یو سی ایم اوز، 12سپروائزرز ، 6ڈی ایچ ایم ٹی ،509 سکلڈ پرسنز، 509ٹیم اسسٹنٹ، اور 940سوشل موبلائزرز اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں ۔

جس پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ خسرہ اور روبیلا ایک مہلک مرض ہیں جس کے خاتمے کیلئے عوام الناس بالخصوص والدین کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو قریبی ہیلتھ مرکز سے جلد از جلد حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔انہوں نے ہیلتھ افسران کو ہدایت کی کہ قوم کے نونہالوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ وہ انسداد خسرہ مہم کی کامیابی کے حوالے سے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ گھر گھر جاکر ناصرف خسرہ کے مرض کے حوالے سے بلکہ احتیاطی تدابیر اور علاج کے حوالے سے بھی آگاہی دیں تاکہ ضلع کو خسرہ فری بنانے میں مدد مل سکے۔

Exit mobile version