بارش کے بعد ڈپٹی کمشنر کا شہر کے نشیبی علاقوں کا دورہ، پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرنے شہر کا اچانک دورہ کیا انہوں نے شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں لاری اڈا ، جیل روڈ ، کالج چوک میں جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لیا .

منڈی بہاؤالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 9 ستمبر 2021) اس موقع پر موجود سی او میونسپل کمیٹی سمیر چیمہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام میونسپل عملہ ڈسپوزل گاڑیوں اور دیگر سامان کے ساتھ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی نکاسی میں مصروف عمل ہے اور پانی کی جلد نکاسی اور صفائی ستھرائی کے کام کومکمل کر لیا جائے گا جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر ٹریفک کی آمدورفت کو بحال رکھنے کے لیے تمام ادارے متحرک اور الرٹ رہیں اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ میونسپل عملہ مختلف شفٹوں اور ٹیموں کی شکل میں شہر کے تمام نشیبی علاقوں سے پانی کی جلد از جلد نکاسی کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ بارش کے اختتام اور پانی کے نکاس تک تمام ملازمین فیلڈ میں موجود رہیں اور افسران ملازمین کی مسلسل مانیٹرنگ کریں ۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر دیہی مرکز مال سوہاوہ دلوآنہ اور بنیادی مرکزصحت سوہاوہ بولانی کا بھی اچانک دورہ کیا۔ اپنے دورے کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر اور دیہی مرکز مال سوہاوہ دلوآنہ کے معائنے کے دوران رجسٹری، زمینوں کے اندراج، انتقالات اور فرد کے حصول ایسے شعبوں کے علاوہ صفائی ستھرائی ، افسران اور سٹاف کی حاضری اور دیگر شعبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں پر آئے ہوئے سائلین سے ان کے مسائل دریافت کر کے ان کو موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

یہ بھی پڑھیں: منڈی بہاوالدین میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری

ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مرکز صحت سوہاوہ بولانی کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پرڈاکٹر صاحبان اور طبی عملہ بھی موجود تھا۔ اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مرکز صحت کے مختلف وارڈز اور فارمیسی، ادویات طبی آلات سمیت مختلف شعبوں کے علاوہ صفائی ، ستھرائی کا جائزہ لیا۔انہوں نے لواحقین اور مریضوں سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ جس پر انہوں نے اپنے اطمیان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر کے سرکاری مراکز صحت اور ہسپتالوں میں عوام الناس کو صحت کی بہترین، بر وقت اور مفت طبی سہولیات فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکو مت مریضوں کو مفت طبی علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے کثیر فنڈز مہیا کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر میں صحت میں جدیدطبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں.

Exit mobile version