منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 20 نومبر 2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ سموگ انسانی بقا اور صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہے جو کہ مختلف بیماریوں کا باعث بھی بنتی ہے، انہوں نے کہاکہ سموگ کے خاتمہ کیلئے ہمیں ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے تمام تراحتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں انسداد سموگ مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر، ڈی ایس پی ٹریفک محمدشاہد، فیلڈ آفیسر ماحولیات عاطف عمران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس کو انسداد سموگ کے حوالے سے کی جانے والی کاروائیوں سے متعلق بتایا گیا کہ اینٹی سموگ کی خلاف ورزیوں اور دھان کی باقیات جلانے کے جرم میں اب تک ضلع کے مختلف تھانوں میں 41 ایف آئی آرز کروائی گئی ہیں اور2 لاکھ 69 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انسداد سموگ کے حوالے سے ضلع میں قائم مختلف بھٹوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، مختلف بھٹوں کے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ ہونے اوراینٹی سموگ کی خلاف ورزیوں پر9 بھٹوں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں اور 11 لاکھ75 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے جبکہ3 رائس ملز کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیوں کے دوران 456 گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور 8 گاڑیوں کو مختلف تھانہ جات میں بند کیا گیا ہے جبکہ 3 لاکھ 91 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے ۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق نے کہا کہ بھٹہ ایسوسی ایشن پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنی کمیونٹی کے مفاد کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے باقی رہ جانے والے روایتی بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کا عمل جلد ازامکمل کر لیں۔
انہوں نے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بھٹوں بالخصوص کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو فوری بند کرنے اور روڈ پر چلنے والی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کوا واضح ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ زراعت کے افسران اور سٹاف انسداد سموگ مہم کے لئے پوری طرح الرٹ رہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ ملوں اور بھٹوں کی چمنیوں اور گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں سموگ کا سبب بنتا ہے جس پر شاہراہوں پر حادثات سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام الناس کو سموگ کے نقصانات کی زیادہ سے زیادہ آگاہی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ منڈی بہاﺅالدین کو سموگ فری ضلع بنایا جا سکے۔