منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 23اگست2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کی روک تھام کیلئے تمام محکموں کے ضلعی افسران اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے سر انجام دیں ، انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن میں ہاٹ سپاٹ جگہوں کی مستقل بنیادوں پر لارا سائیڈنگ کی جائے تا کہ ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہو سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال عاطف علی وڑائچ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ابوالحسن مدنی، فیلڈ آفیسر ماحولیات عاطف عمران ،ڈاکٹر عدنان، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس،ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کی کاروائی کے مطابق ہاٹ سپاٹ جگہوں کی چیکنگ کے دوران لاروے پائے جانے پر فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔
ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران 518 ٹیموں نے ان ڈور96 ہزار775 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ آﺅٹ ڈور12 ہزار220 گھروں کو چیک کیا۔ اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 4 لاکھ25 ہزار316 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت53 ہزار745 کنٹینرز چیک کئے گئے اور ہاٹ سپاٹ کوریج 100 فیصد رہی۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر819 نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں ۔
بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔موجودہ موسم میں ڈینگی کی افزائش کو روکنا انتہائی اہم ہے اس سلسلے میں انسداد سرگرمیوں میں کوئی کمی و کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسداد ڈینگی سے متعلق ڈی سی آفس سمیت ممکنہ لاروا کے پیدا وہنے والی جگہوں پر ان ڈور ،آﺅٹ ڈور سرویلنس کے کام میں مذید بہتری لائیں اور اس کے نتائج کی روشنی میں لاروا سائیڈنگ کاکام بھر پور طریقے سے مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں تاکہ کسی بھی طرح ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہوسکے۔طارق علی بسرا نے افسران کو ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے اینڈرائیڈ فونز کااستعمال کرتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے اپ لوڈ کریں اس سلسلے میں فرضی کاروائیاں نہیں ہونی چاہیئں۔