اسسٹنٹ کمشنر کا پھالیہ میٹرنٹی ہسپتال اور سبزی و پھل منڈی کا اچانک دورہ

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ نے علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ نے میٹرنٹی ہسپتال پھالیہ کا اچانک دورہ کیا۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 23 ستمبر 2021 ) اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ نے سبزی و پھل منڈی میں اپنے دورے کے دوران بولی کے عمل کا جائز ہ لیا۔ انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کے بعد اپنی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کا جائزہ بھی لیا۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری مارکیٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کو عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے کنٹرول کیا جا رہا ہے اورمنڈی میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران سے کہاکہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔ امتیاز علی بیگ نے واضح کیا کہ قیمتوں میں بلا جواز اضافے کے منفی رحجان کو سختی سے روکا جائے گا اور پرائس ایکٹ کے تحت کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی لہذٰا آڑھتی حضرات حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔

اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار نے میٹرنٹی ہسپتال پھالیہ کا دورہ کیا ۔اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور فارمیسی سمیت پولیو ویکسی نیشن ڈیسک ،صفائی ، ستھرائی اور سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے لواحقین سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو صحت کی بہترین، بر وقت اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں بالخصوص سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین علاج معالجہ تشخیص کے ساتھ مفت ادویات اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے یہی وجہ ہے سرکاری ہسپتالوں پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

Exit mobile version