منڈی بہاﺅالدین ( 17 ستمبر 2021)ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ اور سی او تحصیل میونسپل کمیٹی ملکوال بشیر احمد تارڑ نے مختلف علاقوں میں اپنی نگرانی میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور نالوں کی صفائی کا کام مکمل کروایا۔ صفائی ستھرائی اور سینی ٹیشن کے کام میں میونسپل کمیٹی کے افسران اور عملے نے حصہ لیا ۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ اور سی او تحصیل میونسپل کمیٹی نے کہاکہ گلی محلوں کی نالیوں ،نالوں کی صفائی کے علاوہ دیگر میونسپل سروس کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ گندگی کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات فوری طور پر ختم کی جاسکیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہری علاقوں میں کوڑا کرکٹ ، ملبے کے ڈھیر، بلڈنگ میٹریل، وال چاکنگ اور گندگی کی نشاندہی کے بعد اسے فوری ہٹایا جا رہا ہے ۔
اس ضمن میں دیہی علاقوں کو اس پروگرام میں ترجیحی طور پر شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ بڑی اور چھوٹی سوریج لائنوں ، ڈرینز کی صفائی، بلاک سیوریج لائنیں کھولی جا رہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ شہر کی تمام اہم اور سرکاری عمارتوں بشمول گورنمنٹ دفاتر، سکولز، ہسپتال، فیلڈ دفاتر کی صفائی کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہریوں کے تعاون سے تحصیل انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے بہتر پروفارمنس دکھانے میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں میں پانی کی نکاسی نہ ہونے کی بڑی وجہ نالوں اور نالیوں کی باقاعدگی سے صفائی کا نہ ہونا اور پختہ تجاوزات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کھڑا ہونے سے ناصرف انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ عوام کو بھی اذیت سے گزرنا پڑتا ہے یہی وجہ ہے کہ میونسپل انتظامیہ بروقت اقدامات کے ذریعے نکاسی آب، گلی محلے کی نالیوں ،نالوں کی صفائی کا کام تیزی سے مکمل کروا رہی ہے۔