وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا اور چوہدری اختر عباس بوسال نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقہ پی پی 42 اور پی پی 43 کے عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا جس پر مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو پیش کردہ مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں اراکین اسمبلی نے منڈی بہاؤالدین میں الیکٹروبس سروس کے آغاز اور چھوٹے اور بڑے شہروں کی خوبصورتی پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین سمیت دیگر اضلاع میں مزید الیکٹرک بسیں بھی لائی جارہی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ 32 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر اور توسیع سے معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام، سیف سٹی اور ستھرا پنجاب جیسے منصوبوں کی عالمی سطح پر پذیرائی گڈ گورننس کی بہترین مثال ہے۔
