ڈی او انڈسٹریز رانا محمد سعید نے کہا ہے کہ درخت ہماری نئی نسل کے دوست ہیں۔ نئی نسل کو درختوں اور پودوں سے پیار کی ترغیب دی جائے، انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے سلسلہ میں حکومت پاکستان بالخصوص حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں گرین پاکستان اور گرین پنجاب پروگرام کے تحت ضلع میں شجرکاری کے اہداف حاصل کئے جائیں گے۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 11 مارچ 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر آج یہاں ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کالج مونگ کے لان میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت شجرکاری مہم کاافتتاح پودا لگا کر کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ شیخ محمد اعجاز ، پرنسپل سہیل احمد ،محکمہ جنگلات کے افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاران بھی موجود تھے۔
ڈی او انڈسٹریز رانا محمد سعید نے کہا کہ وزیراعظم کا کلین این گرین پروگرام موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے ہر سطح پر شہریوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرکے ماحولیاتی آلودگی اور پانی کی قلت کے بحران سے بآسانی نمٹا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرہ ارض کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے موسمی تغیرات کو شجرکاری کے ذریعے ہی روکا جاسکتا ہے۔
ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ شیخ محمد اعجاز ، پرنسپل سہیل احمد نے کہا کہ درخت لگانا ملکی معیشت، انسانی صحت اور بیماریوں سے نجات کا بڑا ذریعہ ہے، کسی بھی ملک کے 25 فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں صرف چار فیصد رقبے پر جنگلات پائے جاتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے اس سے نمٹنے کیلئے ہمیں جنگی بنیادوں پر شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا اور درختوں کی نگہداشت کیلئے اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششیں بروئے کار لانا ہونگی تاکہ ہماری آنے والی نسلیں صحت مند زندگی گزار سکیں ۔