ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے پاکستان رفعت مختار راجہ کی خصوصی ہدایات پر گوجرانوالہ زون میں انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔ زون کے تمام اضلاع منڈی بہاءالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں سمگلروں کے گرد گھیرا مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے گجرات سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر بلال طارق کی سربراہی میں ایف آئی اے کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منڈی بہاءالدین میں چھاپہ مار کر بدنام زمانہ انسانی سمگلر گلزار کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کو ایف آئی اے گجرات تھانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم گلزار نے منڈی بہاؤالدین کے گاؤں پنڈی لالہ کے رہائشی نوجوان ارسلان ارشد سے اسپین بھجوانے کے بہانے 45 لاکھ روپے بٹورے۔ گلزار نوجوانوں کو یورپ کے سنہرے خواب دکھا کر لاکھوں روپے بٹور کر غائب ہو جاتا۔ ملزم ایف آئی اے کو مقدمہ نمبر 120/25 میں مطلوب تھا۔