we love Mandi Bahauddin

انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر 5 نوٹسز جاری

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس ڈی سی کمپلیکس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالق داد نسوانہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر افتخار، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر شکیل نذر، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی،سی او ز، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر شعیب کیانی، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف اور دیگرمحکموں کے افسران نے شرکت کی۔

منڈی بہاﺅالدین(ایم.بی.ڈین نیوز 10اپریل 2023 )سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالق داد نسوانہ نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس،ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک،مشتبہ کیسز، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 03 اپریل سے08 اپریل 2023 تک 518ٹیموں نے ان ڈور 73 ہزار 25 گھروں کو چیک کیا گیا جبکہ آﺅٹ ڈور 65 ٹیموں نے7 ہزار594 گھروں کو چیک کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر 05 نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔

ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ نے بریفنگ سننے کے بعد کہا کہ موسم کی تبدیلی پر تمام متعلقہ محکمے ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کی جگہوں کی تسلسل کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر سرویلینس کو مزید تیز کریں اور اس کی تلفی کو سو فیصد ممکن بنایا جائے تا کہ ضلع کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے،انہوں نے کہاکہ ڈینگی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر اینٹی ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کی کڑی نگرانی کی جائے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس ہر 15دن کے بعد منعقد کیا جائے اور تمام محکمہ جات اپنی اپنی کاروائیاں اجلاس میں پیش کریں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل لیول پر متعلقہ افسران کے ساتھ ہفتہ وار اجلاس منعقد کریں۔ انہوں نے کہاکہ جن جگہوں سے لاروا برآمد ہو یا اس کی افزائش کا باعث بننے والوں کو نوٹسز جاری کئے جائیں ، اس معاملے میں کسی قسم کی لاپروائی اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ای پی آئی ویکسی نیشن کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ فوکل پرسن برائے ای پی آئی رافعہ ناہید نے اجلاس کو ضلع منڈی بہاﺅالدین میں ای پی آئی ویکسی نیشن کے حوالے سے بتایا کہ ویکسی نیشن کے تحت پیدائش کے وقت سے لے کر 2سال سے کم عمر کے بچوں کو مختلف وقفوں کے دوران پیدائش کے وقت ، 6 ہفتے ،10 ہفتے ، 14 ہفتے، 9 ماہ اور 2 سال تک کے دوران بچوں کو ویکسین دی جاتی ہے ۔ ان ویکسین سے بچے تپ دق،پولیو، خناق، نمونیہ، کالی کھانسی،کالا یرقان، گردن توڑ بخار، اسہال، تشنج اور خسرہ جیسی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مارچ 2023 میں ای پی آئی ویکسی نیشن 100 فیصد رہی ۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ای پی آئی ویکسی نیشن کی کامیابی کیلئے پوری محنت اور لگن کے ساتھ کام کیا جائے،گزشتہ مہموں کے دوران گزشتہ مہموں کے دوران پیش آنے والے مسائل کا از سر نو جائزہ لے کو مسائل حل کر کے مہم کو اہداف کے مطابق کامیاب بنایا جائے ، افسران خود ٹیموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کریں۔

انہوںنے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کی ویکسی نیشن ٹیمیں ای پی آئی ویکسی نیشن کے دوران کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے ماسک پہنیں اور سینی ٹائزر لگائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں