foreign currency

ڈالر کی قیمت 212 روپے سے تجاوز، سونا 1500 روپے فی تولہ مہنگا

کراچی: ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کی اوپن مارکیٹ قیمت 212 اور انٹربینک قیمت 208 روپے سے تجاوز کرگئی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 27ڈالر کے اضافے سے 1846 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1500روپے اور 857روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تیل کی ادائیگیوں کی مد میں دباؤ سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی اور سرکاری ذخائر مزید گھٹ کر 8 ارب 9 کروڑ ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث جمعہ کو بھی ڈالر کی بلند پرواز جاری رہی جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کے انٹربینک ریٹ 208 روپے اور اوپن مارکیٹ نرخ 212 روپے کی نئی بلند ترین سطح سے بھی تجاوز کرگئے۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 209 روپے سے بھی تجاوز کرگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ ایک روپے 8 پیسے کے اضافے سے 208.75 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2.50 روپے بڑھ کر 212 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپیہ کی قدر کا دارومدار آئی ایم ایف پروگرام کے گرد گھومتا جارہا ہے، حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے سمیت دیگر سخت اقدامات کے باوجود آئی ایم ایف قرض پروگرام کے معاہدے پر رضامند نہیں بلکہ پیٹرول پر لیوی اور سیلز ٹیکس بھی بھی عائد کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس سے پروگرام میں شمولیت کا عمل طول اختیار کررہا ہے اور مالیاتی بحران میں خطرناک حد تک بڑھنے سے غیر یقینی ماحول سے ڈالر کی بلند پرواز جاری ہے.

عالمی مارکیٹ میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد،سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد،راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 1،45،500روپے ہوگئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 1،24،742روپے ہوگئی۔

اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1،560روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1337.44 روپے پر مستحکم رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں