mandi bahauddin news

سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بلوغت، ذاتی صفائی کے معلوماتی سیشنز منعقد کئے جا رہے ہیں

ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے چھوٹے کنبے کو رواج دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ،محکمہ بہبود آبادی عملی طور پر کوالٹی آف ورک کو یقینی بنائے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم کو فعال اور موثر بنایا جائے ۔

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 30مارچ 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں محکمہ بہبود آبادی کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر احسان الحق ضیاء،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر غفران حسین ثاقب، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار اور دیگرمحکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر غفران حسین ثاقب نے شرکاء اجلاس کو محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات ، آگاہی اور دیگر متعلقہ امورز پر تفصیلی بریفنگ دی ۔انہوں نے اجلاس کوماہانہ کارکرگی کے حوالے سے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران محکمہ بہبود آبادی نے ضلع کے مختلف علاقوں میں9جگہوں پر کیمپس لگائے جہاں مانع حمل ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں ۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ بہبود آبادی کی فیلڈ ورکنگ سرگرمیوں کی وجہ سے عوام الناس میں درمیانی مدت کے مانع حمل ادویات کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی سربراہی میں کوویڈ کے دوران ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے 52 فلاحی مراکز اور 2فیملی ہیلتھ کلینکس عوام الناس کو خاندانی منصوبہ بندی کے لحاظ سے معیاری طبی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں دور دراز علاقوں میں محکمہ صحت کی معاونت سے محکمہ بہود آبادی کے 2فری فیملی ہیلتھ موبائل یونٹ قائم کر کے لوگوں کو ماں اور بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت ، محکمہ تعلیم اور دیگر تمام لائن ڈیپارٹمنٹ بھی محکمہ بہبود آبادی کے ساتھ مل کر انسداد خسرہ مہم اور عوام الناس کو ضروری آگاہی جیسی سہولیات فراہم کر رہے ہیں جبکہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو پھالیہ میں بھی فیملی پلاننگ کاﺅنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بلوغت، ذاتی صفائی اور متوازن غذا کے حوالے سے ضروری معلوماتی سیشنز منعقد کئے جا رہے ہیں ۔ جس پرڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلاشبہ محکمہ بہبود آبادی کا بنیادی کام ہی عوام الناس کو مختلف طریقوں سے آمادہ کر کے خاندانی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کروانا ہے۔جس کیلئے محکمہ بہبود آبادی اپنے کوالٹی آف ورک کو اہداف کے ذریعے مذید موثر اور یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کی سرگرمیوں کے حوالے سے جہاں جہاں خامیاں پائی جاتی ہیں ان کو درست کر کے مذید موثر اور فعال بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں