ریونیو افسران سرکاری واجبات کی وصولی کے اہداف کو ہر صورت ممکن بنائیں، محمد شاہد

ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ ریونیو افسران سرکاری واجبات کی وصولی کے اہداف کو ہر صورت ممکن بنائیں، بنیادی سہولیات کی فراہمی سرکاری واجبات کی وصولی سے ہی ممکن ہے، سرکاری واجبات کی وصولی میں تاخیر اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ دیہی مرکز مال حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے جہاں عوام الناس کو تمام اقسام کی فرد کے اجراء اور ہر قسم کے زمینوں اور جائیدادوں کے انتقالات کی سہولت میسر ہے ۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 13 جنوری 2022) ا ن خیالات کا اظہا ر انہوں نے ڈی سی آفس میں ریونیو افسران کے ساتھ سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احسان الحق ضیاء، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین کاشف جلیل، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ محمد عرفان ہنجرا، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، تینوں تحصیلوں کے تحصیلداراران ونائب تحصیلداران اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں تینوں تحصیلوں کی سرکاری واجبات کی وصولی انتقالات، اے آئی ٹی، ایف بی آر، لینڈ بیس، واٹر ریٹ، سٹیمپ ڈیوٹی، میوٹیشن فیس ریکوری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ سننے کے بعدڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا کہ ہمارا بنیادی فرض سرکاری واجبات کی وصولی ہے اور واجبات کی وصولی ہی ہماری کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے، ریونیو افسران کو اس شعبہ میں زیادہ محنت کرنی چاہیے۔

انہوں نے سر کاری واجبات کی وصولی کے اہداف دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی کاروائیوں بارے ڈی سی آفس کورپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ کم ریکوری کرنے والے افسران سو فیصد وصولی کو جلد از جلد مکمل کریں۔ ان امورز میں کسی قسم کا سمجھوتہ ، سستی اور کاہلی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئے پٹواریوں کی بھرتی کیلئے ٹیسٹ و انٹرویو جلد کئے جائیں تا کہ سرکاری واجبات کی وصولی کے زیادہ سے زیادہ ہدف کو ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کرپشن کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ریونیو کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ضلع کے دیہی علاقوں میں قائم کئے گئے دیہی مرکز مال پر ہر قسم کی زمینوں اور جائیدادوں کے انتقالات کی سہولت مہیا کی گئی ہے لہذا افسران دیہی مرکز مال کو بھر پور طریقے سے فعال کریں اور سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان مانیٹرنگ کریں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں