phalia development

ایم پی اے محمد طارق تارڑ اور ڈپٹی کمشنر کا ضلع میں جاری ترقیاتی سکیمیوں کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ترقیاتی سکیموں کی بر وقت کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے تا کہ مربوط ترقی کے خواب کی تعبیر کو پورا کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ فنڈز کی کمی بیشی یا دیگر رکاوٹیں حائل ہیں تو ان کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لا کر فوراً ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کیا جائے۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 12جنوری 2022 ) ایم پی اے محمد طارق تارڑ نے کہاکہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عوام الناس کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنا ہے جس کیلئے تمام متعلقہ محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ جتنی جلدی ترقیاتی منصوبہ جات مکمل ہوں گے عوام اتنا ہی جلد مستفید ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر آفس پھالیہ میں ترقیاتی سکیموں میں پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ محمد عرفان ہنجرا، سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ایکسیئن ہائی وے، روڈز، ایم اینڈ آر، لوکل گورنمنٹ بلڈنگ قرار شاہ ، تینوں تحصیلوں کے سی اوز کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں مختلف منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے جاری میگا پراجیکٹس اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تحصیل پھالیہ میں اے ڈی پی، سی ڈی پی، رورل،نیا پاکستان منزلیں آسان، پبلک روڈ سیکٹر، ہیلتھ، ہائیر ایجوکیشن کی نیو اور جاری ترقیاتی سکمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

مختلف منصوبوں پر بریفنگ لینے کے بعد ڈپٹی کمشنر محمد شاہد اور ایم پی اے طارق تارڑ نے کہا کہ حکومت نے رواں سال اے ڈی پی میں شامل پراجیکٹس کیلئے مختص فنڈز کے ساتھ جاری پراجیکٹس کیلئے بھی فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کے افسران منصوبہ جات پر کام کی رفتار تیز کردیں اور تمام سکیمیں جلد از جلد مکمل کر لی جائیں۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ فنڈز کے اجراء کے بعد ترقیاتی محکموں کے سربراہان جاری منصوبوں کے تمام پہلوﺅں پر کڑی نظر رکھیں۔ کام ٹھیکیداروں پر چھوڑنے کی بجائے محکموں کے افسران سکیموں کی خود نگرانی کریں۔ کوالٹی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ کام نہ کرنے یا سست روی کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔انہوں نے پبلک ہیلتھ کی سکیموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پھالیہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں فارمیسی سمیت میل فی میل وارڈز، نرسری، ایمرجنسی اور دیگر شعبوں کے علاوہ صفائی ستھرائی کا بغورجائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کے بارے میں بھی دریافت کیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے کو بتایا گیا کہ نرسری کی مشینری کو فنکشنل کر دیا گیا ہے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے نے پھالیہ میں جاری ترقیاتی سکیموں کو چیک کرنے کے حوالے سے مانو چک اور جوکالیاں میں کالج کی جگہ، جانو چک میں نہری مائینر، منگووال، سارنگ اگرویہ اور گجن سلیماں میں روڈز کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، انہوں نے روڈز کی چوڑائی اور موٹائی کو فیتے سے ناپ کر چیک کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی سکیموں میں کوالٹی، رفتاراور شفافیت پر خصوصی توجہ دی جائے اور عوام الناس کی فلاح وبہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ان سکیموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جاری منصوبوں کا گاہے بگاہے دورہ کرتے رہیں گے اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے خود فیلڈ میں جا کر تمام ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے رہیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں