mohtasab punjab

محتسب پنجاب کے حکم پر سائلین کو 4کروڑ 89لاکھ کاقانونی ریلیف فراہم

محتسب پنجاب میجر (ر)اعظم سلیمان خان کے حکم پر مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سائلین کو4 کروڑ89 لاکھ 27 ہزار921 روپے کا قانونی ریلیف فراہم کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دفتر محتسب کی کارروائی کے نتیجے میں مختلف اضلاع میں 4 کروڑ 57 لاکھ 87 ہزار 500 روپے مالیت کی سرکاری اراضی کوناجائز قابضین سے واگزار کروایا گیا ہے۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) تفصیلات کے مطابق جھنگ میں 3کنال8مرلے کی شارع عام کو قابضین سے واگزار کروا کر راستہ چالوکردیا گیا ہے۔ایک دوسری درخواست پر کارروائی کی بناپرگوجرہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2 سرکاری تالابوں کو ناجائزقابضین سے واگزار کروالیا گیا ہے۔ اس 3کنال 9 مرلے جگہ کی کل مالیت 69 لاکھ روپے ہے۔ ایک علیحدہ درخواست پر دفتر محتسب کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چک نمبر 295 گ ب میں 51 کنال سرکاری رقبہ واگزار کرواکر نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کیلیے مختص کردیا گیاہے۔

اس رقبے کی کل مالیت 3 کروڑ 82 لاکھ50 ہزارروپے ہے۔ مزید براں محتسب پنجاب نے ممبر بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ رجسٹر حقداران زمین تیار ومکمل کروائیں اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی عمل میں لائی جائے۔ دریں اثناء دفتر محتسب پنجاب کے حکم پر قانونی کارروائی کے بعدلیہ، گوجرانوالہ، راولپنڈی، شیخوپورہ،منڈی بہاؤالدین، رحیم یار خان اور ساہیوال کے سائلین کی مختلف درخواستوں پر قانونی کارروائی کے بعد انہیں مختلف واجبات کی مد میں 4کروڑ89لاکھ 27ہزار921روپے ادا کر دیے گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ محتسب پنجاب کی جانب سے مفاد عامہ میں لیے گئے ایک نوٹس پر متعلقہ محکمے نے ہیڈریگولیٹر لیہ میں حفاظتی بند کی تعمیر کے لئے ایکوائرکی گئی175 کنال 10 مرلے اراضی کے 2 کروڑ 97 لاکھ 53 ہزار145 روپے کے واجبات مالکان اراضی کو ادا کر دیے ہیں۔ مزید براں محتسب پنجاب کے حکم پر خانیوال کے شکایت کنندہ بلال عبدالناصرکی گاڑی کی ڈوپلیکیٹ فائل کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے

فائل گمشدگی کے ذمہ داران ایکسائز انسپکٹر اور جونیئرکلرک کے خلاف پیڈاایکٹ کے تحت انضباطی کارروائی کرتے ہوئے انہیں محکمہ کی جانب سے 5 سال کی سالانہ انکریمنٹ روکنے کی سزا دی گئی ہے۔ محتسب پنجاب میجر (ر)اعظم سلیمان خان کے آن موشن نوٹس پر پرانا بس اسٹینڈ حاصلپور کے برساتی نالہ کی مرمت کیلئے 9 لاکھ 6 ہزار روپے کے فنڈزبھی جاری کر دیے گئے ہیں اور مرمت کا کام جاری ہے.

یہ خبر انگریزی میں پڑھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں