polio

منڈی بہاءالدین کے 2 لاکھ 25 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، محکمہ صحت

منڈی بہاﺅلدین( ایم.بی.ڈین نیوز 02 دسمبر 2021 ) ڈپٹی کمشنر احسان الحق ضیاءنے کہا ہے کہ قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا عبادت سے کم نہیں ، موثر تیاریاں کر کے پولیو کے خلاف مہم کو کامیاب بنایا جائے، انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو مہم میں عوامی آگاہی کیلئے علمائے کرام اور میڈیا کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ان کی خدمات سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔

ان خیالات کااظہا رانہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل،سی او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹرشکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر شکیل نذر ، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر قمر الزمان گورائیہ، فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

سی او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 13دسمبر سے لیکر17 دسمبر 2021 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 25 ہزار 428 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس مہم میں محکمہ صحت کی 70 فکسڈ، 957 موبائل ٹیمیں، 43 ٹرانزٹ، 70 یو سی ایم اوز، 193 ایریا انچارجز جبکہ 2،333 پولیو ورکرز حصہ لیں گے۔

بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر احسان الحق ضیاء نے افسران پر واضح کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہی ہمارا اصل ہدف ہونا چاہیئے محض بچوں کی مقرر کردہ تعداد کی ویکسی نیشن کر کے کام کومکمل نہیں سمجھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پولیو مہموں کے دوران پیش آنے والے مسائل کا از سر نو جائزہ لے کو مسائل حل کر کے مہم کو اہداف کے مطابق کامیاب بنایا جائے ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلع میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو جذبہ حب الوطنی کے تحت مکمل کیا جائے گا اور انسداد پولیو ٹیموں کی جانب سے کسی بھی قسم کی سستی یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں