AC Mandi Bahauddin

سیشن جج منڈی بہاوالدین کا توہین عدالت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین اور ملازم کو تین تین ماہ قید سزا کا حکم

ایڈیشنل سیشن جج کنزیومر کورٹ منڈی بہاوالدین راو عبدالجبار نے توہین عدالت کرنے ہر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین امتیاز بیگ اور رانا محبوب کو تین تین ماہ قید کی سزا کا حکم سُنا دیا۔ نائب کورٹ کو حکم جاری کیا کہ ملزمان فرار ہوئے تو تمھیں جیل بھیج دونگا۔ ملزمان کو تحویل میں لینے کے لئے پولیس تھانہ سول لائن عدالت پہنچ گئی۔ بعد ازاں اے سی کی معذرت پر اے سی منڈی بہاؤالدین کو رہائی مل گئی جبکہ رانا محبوب کو 3 ماہ کیلئے جیل روانہ کردیا گیا۔

منڈی بہاءالدین (‌ایم.بی.ڈین نیوز 24 نومبر 2021) تفصیلات کے مطابق محکمہ ایریگیشن کے کلرک محمد عاصم حسین کو ایکسیئن ایریگیشن نے کینال کالونی میں کوارٹر نمبر 11۔C الاٹ کیا تھا۔ چند روز کے بعد وہی کوارٹر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین امتیاز علی بیگ نے کسی سکول ماسٹر کو الاٹ کردیا تھا جس کے بعد سکول ماسٹر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کوارٹر کے تالے توڑ کر کوارٹر پر قبضہ کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسسٹنٹ کمشنرز کی نئی رینکنگ جاری، منڈی بہاوالدین،پھالیہ،ملکوال بلترتیب 24، 35، 82 نمبر پر براجمان

سکول ماسٹر کے خلاف محکمہ ایریگیشن کے کلرک نے قبضہ کرنے کے جرم میں تھانہ سول لائن میں درخواست بھی دے رکھی تھی۔ دوسری جانب محکمہ ایریگیشن کے کلرک نے اے سی کی جانب سے غلط الاٹمنٹ کرنے کے خلاف عدالت کیس بھی دائر کیا ھوا تھا جس میں اس نے موقف اختیار کیا تھا کہ الاٹمنٹ کا اختیار ایکسیئن ایریگیشن کے پاس ھے اسلئے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے سکول ماسٹر کی غلط الاٹمنٹ کو ختم کیا جائے.

عدالت عالیہ نے اس کیس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین کو حکم دے رکھا تھا کہ فوری طور پر سکول ماسٹر کی الاٹمنٹ ختم کرکے عدالت عالیہ کو بتایا جائے جبکہ عدالت کے احکامات کے باوجود اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین امتیاز علی بیگ نے سکول ماسٹر کو کی جانے والی الاٹمنٹ کینسل نہ کی جس پر ایکشن لیتے ھوئے عدالت عالیہ نے اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین اور کلرک رانا محبوب کو 3 ۔3 ماہ کی قید کی سزا سنادی اور حکم جاری کیا کہ آدھے گھنٹے کے اندر اندر کوارٹر خالی کروا کر واپس قبضہ ایریگیشن کے کلرک محمد عاصم حسین کے حوالے کیا جائےجس پر ضلعی انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں

بعد ازاں عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین امتیاز علی بیگ کی معذرت پر سزا معطل کردی جبکہ اے سی آفس کے کلرک رانا محبوب کو 3 ماہ کیلئے جیل روانہ کردیا۔ دوسری جانب پولیس تھانہ سول لائن نے فوری طور پر سکول ماسٹر سے قبضہ چھڑوا کر کوارٹر ایریگیشن کے کلرک محمد عاصم حسین کے حوالے کرکے رپورٹ عدالت عالیہ میں جمع کروادی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں