تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے چھوٹے کنبے کو رواج دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، محمد شفیق

منڈی بہاﺅلدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 24نومبر 2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے چھوٹے کنبے کو رواج دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ،محکمہ بہبود آبادی عملی طور پر کوالٹی آف ورک کو یقینی بنائے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم کو فعال اور موثر بنایا جائے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں محکمہ بہبود آبادی کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال عاطف علی وڑائچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد شکیل، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ڈاکٹر قمر الزمان گورائیہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پاپولیشن ویلفیئر آفیسر غفران حسین ثاقب، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر (ٹیکنیکل) ڈاکٹر عمائمہ اور دیگرمحکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر غفران حسین ثاقب نے شرکاء اجلاس کو محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات ، آگاہی اور دیگر متعلقہ امورز پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے اجلاس کو ماہانہ کارکرگی کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ کے دوران محکمہ بہبود آبادی نے ضلع کے مختلف علاقوں میں9 جگہوں پر کیمپس لگائے جہاں مانع حمل ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ بہبود آبادی کی فیلڈ ورکنگ سرگرمیوں کی وجہ سے عوام الناس میں درمیانی مدت کے مانع حمل ادویات کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی سربراہی میں کوویڈ کے دوران ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے 52 فلاحی مراکز اور 2 فیملی ہیلتھ کلینکس عوام الناس کو خاندانی منصوبہ بندی کے لحاظ سے معیاری طبی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں دور دراز علاقوں میں محکمہ صحت کی معاونت سے محکمہ بہود آبادی کے 2 فری فیملی ہیلتھ موبائل یونٹ قائم کر کے لوگوں کو ماں اور بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت ، محکمہ تعلیم اور دیگر تمام لائن ڈیپارٹمنٹ بھی محکمہ بہبود آبادی کے ساتھ مل کر انسداد خسرہ مہم اور عوام الناس کو ضروری آگاہی جیسی سہولیات فراہم کر رہے ہیں جبکہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو پھالیہ میں بھی فیملی پلاننگ کاﺅنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بلوغت، ذاتی صفائی اور متوازن غذا کے حوالے سے ضروری معلوماتی سیشنز منعقد کئے جاتے ہیں ۔

جس پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلاشبہ محکمہ بہبود آبادی کا بنیادی کام ہی عوام الناس کو مختلف طریقوں سے آمادہ کر کے خاندانی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کروانا ہے۔ جس کیلئے محکمہ بہبود آبادی اپنے کوالٹی آف ورک کو اہداف کے ذریعے مذید موثر اور یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کی سرگرمیوں کے حوالے سے جہاں جہاں خامیاں پائی جاتی ہیں ان کو درست کر کے مذید موثر اور فعال بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں