MBDIN corona

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول پھالیہ میں قائم کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ کیا

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز جاوید رشید چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر کی ہدایت پر شروع کی جانے والی ریڈ کورونا ویکسی نیشن کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں ، زندگی کی معمول کے مطابق بحالی کیلئے ریڈ مہم حکومت پنجاب کا ایک احسن اقدام ہے، انہوں نے کہاکہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن انتہائی ضروری ہے ، شہری محکمہ صحت کے ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے جلد از جلد ویکسی نیشن کروائیں۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 12 نومبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی آفس میں ریڈ کورونا ویکسی نیشن مہم کے اہداف کے حصول کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر منڈی بہاﺅالدین طارق علی بسرا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، اسسٹنٹ کمشنر امتیاز بیگ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈاکٹر عمران بشیر، ڈی او سپورٹس ماجدحسین، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید، ارسلان رﺅف اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں کورونا ویکسی نیشن کا وافر سٹاک موجود ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 25 اکتوبر سے 12 نومبر تک ریڈ کورونا ویکسی نیشن مہم کے تحت ضلع کی 65 یو سیز میں 130 آﺅٹ ریچ ٹیمیں اور 130 سکولز ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ گھر گھر جا کر لوگوں کو جبکہ سکولز میں طلباء کو ویکسی نیٹ کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت پہلی ڈوز کیلئے 2 لاکھ 32 ہزار 139 افراد کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا اور دوسری ڈوز کیلئے 2 لاکھ63 ہزار 339 افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ ضلع کے 2 ہزار30 سکولوں کے 12سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 16ہزار 335 طلباء کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ دیا گیاہے جوکہ اب تک مجموعی طور پر 104 فیصد ٹارگٹ مکمل کر لیا گیا ہے ۔

جس پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جاوید رشید چوہان نے ڈپٹی کمشنر اور محکمہ صحت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں محکمہ صحت کی کاوشوں سے ریڈ ویکسی نیشن کا ٹارگٹ مکمل کر لیا گیا ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا ویکسی نیشن کی دستیابی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے ۔کورونا کیسز میں کمی ویکسی نیشن کروانے کے ساتھ حفاظتی اقدامات پر عملدر آمد اور تمام محکموں کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے سامنے آئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول پھالیہ میں قائم کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سنٹر میں صفائی ستھرائی، ڈاکٹرز سمیت، عملہ کی حاضری ادویات کے سٹاک، ویکسی نیشن کے عمل اور ریکارڈ کے اندراج کی جانچ پڑتال کی۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور دیگر عملے سے معلومات حاصل کیں اور ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی خصوصی انسداد کورونا ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانا متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام الناس کا قومی اور اخلاقی فرض ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر اس قومی مہم میں حصہ لیں تا کہ اس اس موذی بیماری کا جڑ سے خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ بعد ازاں ڈی جی سپورٹس نے جمنیزیم کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر ڈی او سپورٹس نے سپورٹس کمپلیکس پر بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں