محتسب پنجاب کی پھالیہ میں کھلی کچہری کا انعقاد، عوام کے مسائل سنے

ریجنل کنسلٹنٹ محتسب پنجاب عبدالرشید نے کہا ہے کہ محتسب پنجاب کے ادارے نے مختلف محکموں سے متعلق عوامی شکایات پرفوری داد رسی کا عمل تسلسل سے جاری رکھا ہوا ہے، صوبائی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالہ کا بنیادی مقصد عام لوگوں کے پیچیدہ مسائل کو ان کی دہلیز پر ہی انصاف مہیا کرنا ہے۔

منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 23 اکتوبر 2021 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اے سی پھالیہ آفس کھلی کچہری میں صوبائی محکموں سے متعلق شکایات کے فوری حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔ شکایات محکمہ ہیلتھ، میونسپل کمیٹی اور ایریگیشن سے متعلق تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے کچہری میں آئے ہوئے سائلین سے توجہ اور خلوص سے ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب کے ادارے کی بہترین کارکردگی پر عوام الناس نے اس کو سراہا ہے اورلوگوں کی دہلیز پر داد رسی پر فوراََ عملدرآمد کے مشن کی مثبت تعریف کی ہے۔ انہوں نے بتایااس ادارے کے دفاتر میں شکایت درج کرانے کیلئے کسی قسم کی کوئی فیس نہ ہے اور نہ ہی سائل کو وکیل کی ضرورت ہوتی ہے سائل کی شکایت براہ راست سنی جاتی ہے اور بعض اوقات فوری حل طلب شکایات کا موقع پر ہی فیصلہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ سائل حضرات اپنی شکایات کے فوری ازالے اور حصول انصاف کیلئے محتسب پنجاب منڈی بہاﺅالدین کے دفتر سے رجوع کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں