sabzi mandi

اشیائے خوردونوش کو ذخیرہ کرنا یا مہنگے داموں بیچنے والے کو 3سال تک کی قید ہو سکتی ہے، ڈپٹی کمشنر

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے آج علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے عمل کا جائز ہ لیا ۔ انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں بھی پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کروائی۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 12 اکتوبر 2021) انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران سے کہاکہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے عوام دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کریک ڈاﺅن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کو ذخیرہ کرنا یا مہنگے داموں بیچنا ایک ناقابل ضمانت سنگین جرم ہے جس کی انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈینینس 2020 کے تحت 3 سال قید کی سز ا اور ضبط شدہ مال کو 50فیصد بطور جرمانہ عائد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سبزی اور پھل پر الگ الگ سرکاری نرخنامہ آویزں کرنا لازمی ہے ۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں ، ذخیرہ اندوزی میں ملوث عوام دشمن عناصر کی اطلاع ہیلپ لائن 0800-02345 پر دیں ۔ جس کی روشنی میں ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے شخص کو ضبط شدہ مال کا 10 فیصد بطور انعام دیا جائے گا.

یہی وجہ ہے کہ حکومتی ہدایت کی روشنی میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر قیمتوں میں استحکام کلئے انتظامیہ پھل سبزی منڈی اور مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سختی سے مانیٹرنگ کر رہی ہے ۔ انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران پر واضح کیا کہ صارفین کے حقوق کا خیال کرتے ہوئے عوام کی قوت خرید کے مطابق مقرر کردہ ریٹس پر ہی پھل اور سبزیاں فروخت کریں بصورت دیگر ناجائز منافع خوری پر سزا بھگتنا پڑے گی۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ اور ساجد منیر کلیار اور اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی نے بھی اپنی اپنی تحصیلوں کی سبزی و پھل منڈیوں کا اچانک دورہ کیا اور مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرکے اپنی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر نیلامی کروائی۔ انہوں نے سبزی منڈیوں میں خریداری کیلئے آنے والے دکانداروں اور صارفین سے اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی سے متعلق استفسار بھی کیا جس پر وہاں موجود صارفین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کو عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے کنٹرول کیا جا رہا ہے اورمنڈی میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں استحکام کو برقرار رکھ کر مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں