منڈی بہاءالدین میں عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے تیاریاں مکمل

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ علمائے کرام عوام میں ہم آہنگی، محبت و اخوت اور برداشت کو فروغ دے کر امن و سلامتی کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں، ملک کو انتشار نہیں بلکہ ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی کے موقع پر امن و امان کی فضا بر قرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ اور ذاکرین تعاون کریں، ضابطہ اخلاق ، وقت ، جگہ اور روٹس کے علاوہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

منڈی بہاءالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 12 اکتوبر 2021) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کھوکھر نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جوصبرو تحمل، رواداری ، اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ،عشرہ رحمت اللعالمین کے دوران پولیس ، سکیورٹی ادارے، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، انجمن تاجران اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی معاونت سے ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، اسسٹنٹ کمشنرز، سی او ایم سیز، انچارج ریسکیو 1122، متعلقہ محکموں کے افسران، ممتاز علمائے کرام، اور انجمن تاجران کے رہنماﺅں سمیت دیگر نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول پاک کے محاسن بیان کرنے سے نا صرف ایمان روشن ہوتا ہے بلکہ دل کو سکون ملتا ہے ، انہوں نے کہا کہ عشرہ رحمت اللعالین منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم رسول پاک سے محبت کو بڑھائیں ، یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عشرہ رحمت اللعالمین منایا جا رہا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی سی جی ، اے سیز اور سی او میونسپل کمیٹیز کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستے میں صفائی ستھرائی ، سڑکوں کے پیچ ورک مکمل کیا جائے، جلوسوں کے راستوں میں کہیں پر بھی پتھر، اینٹوں ، ریت اور بجری نہ ہو اور ہر قسم کی رکاوٹوں کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے واپڈا افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس کے راستوں میں کہیں بھی بجلی کی لٹکی تاروں کا خاتمہ کیا جائے اور جلوسوں کے راستوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے کر عارضی طور پر ایک دو روز کیلئے بند کروا دیا جائے۔

انہوں نے افسران پرواضح کیا کہ ضلع بھر بالخصوص منڈی بہاﺅالدین میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مذید بہتر بنایا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے اور ان امورز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے فجر کی نماز کے بعد خود معائنہ بھی کریں گے۔ انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کو ہدایت کی کہ وہ عوام میں اپنے اثرو رسوخ کی وجہ سے ممبر و محراب کے ذریعے عوام الناس کو کورونا اور انسدادڈینگی کسے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق پابند کریں۔

اجلاس سے ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر نے کہا کہ جلوسوں میں پولیس سکیورٹی کی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ ڈی پی او نے علماءکرام کو باور کروایا کہ ہمیں مذہبی ہم آہنگی ، بھائی چارے ، اخوت اورامن کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارے ملک کے دشمن اپنے مقاصد میں ناکام رہیں۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علائے کرام اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور گزارشات پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔

اس موقع پر علمائے کرام اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں امن کو فروغ دینے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باہمی کوارڈینیشن کے ذریعے مثبت سرگرمیاں جاری رکھیں گے اور گذشتہ برسوں کی طرح ہمارے رضاکار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں گے اور جلوسوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر دعائے خیر بھی کرائی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں