Kuwait

کویت سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے پریشان کن خبر آگئی

کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہوائی ٹکٹوں میں اضافی فیس لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اضافی فیس 3.5 ڈالر سے 4 ڈالر تک ہوسکتی ہے، جو ٹکٹ کی قیمتوں میں شامل کی جائے گی

کویت سٹی (تازہ ترین ۔ 06 اکتوبر 2021ء ) خلیجی ملک کویت سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے پریشان کن خبر آئی ہے کہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہوائی ٹکٹوں میں اضافی فیس لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اضافی فیس 3.5 ڈالر سے 4 ڈالر تک ہوسکتی ہے، جو ٹکٹ کی قیمتوں میں شامل کی جائے گی ۔ کویتی میڈیا کے مطابق کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ابتدائی انکوائری سسٹم کے نفاذ میں مسافروں کے لیے اضافی فیس کو بھی شامل کیا گیا ہے.

کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے ہر مسافر کے لیے 0.80 ڈالر ہوائی اڈے کی سروس فیس ہوگی جس میں سے 0.48 ڈالر کمپنی کے لیے اور 0.32 ڈالر ڈائریکٹوریٹ کے لیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اضافی فیس ٹکٹ کی قیمتوں میں شامل کی جائے گی ، جس کے بعد ایئرلائنز متعلقہ فیس ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے حوالے کرے گی جو کہ بعد میں میکانزم طے کرے گی تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جانا ابھی باقی ہے۔

علاوہ ازیں کویت میں غیرملکی ملازمین کے واجبات مزید تاخیر کا شکار ہوگئے ، غیر ملکی سرکاری ملازمین کو اپنے واجبات کے لئے مہینوں انتظار کرنا پڑے گا ، کویتی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملکی معاشی بحران کے باعث غیر ملکیوں کے لیے سروس کے ختم ہونے والے فوائد بحران کا شکار ہوگئے ہیں کیوں کہ وزارت خزانہ کی جانب سے ضروری لیکویڈیٹی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی سروس کے اختتام کے بعد ان کو واجب الادا رقم کی ادائیگی کی مدت مہینوں تک بڑھا دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ سول سروس کمیشن نے واجبات کی ادائیگیوں کے لیے لیکویڈیٹی فراہم کرنے اور اس بحران کو حل کرنے کے لیے وزارت خزانہ سے درخواست کی ہے کہ وہ کمیشن کو ادائیگیوں کا احاطہ کرنے کے لئے بجٹ منتقل کرے تاکہ اسے سرکاری اداروں میں تقسیم کیا جاسکے لیکن اس کے لئے کمیشن کو منظوری کی ضرورت ہوگی جس کی وجہ سے غیر کویتی سرکاری ملازمین کی سروس معاوضوں کی ادائیگی تاخیر کا شکار ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں