محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام مختلف کیمپس میں ایک ہزار سے زائد افراد کو مانع حمل ادویات ودیگر سہولیات فراہم کی گئیں

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ محکمہ بہبود آبادی عملی طور پر کوالٹی آف ورک کو یقینی بنائے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم کو فعال اور موثر بنایا جائے، انہوں نے مذید کہا کہ محکمہ صحت اور بہبود آبادی کو مربوط انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ دونوں محکموں کا بنیادی طورپر تعلق انسانی صحت ہے۔

منڈی بہاءالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 28ستمبر 2021 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں محکمہ بہبود آبادی کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، سی ای او (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال عاطف علی وڑائچ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر غفران حسین ثاقب، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسرعتیق الرحمٰن، انچارچ فیملی ہیلتھ کلینک ڈاکٹر شاہین اختر، ڈی ڈی او پاپولیشن (ٹیکنیکل) ڈاکٹر عمائمہ اور دیگرمحکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر غفران حسین ثاقب نے شرکاءاجلاس کو محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات ، آگاہی اور دیگر متعلقہ امورز پر تفصیلی بریفنگ دی ۔انہوں نے اجلاس کوماہانہ کارکرگی کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ کے دوران محکمہ بہبود آبادی نے ضلع کے مختلف علاقوں میں9جگہوں پر کیمپس لگائے اور ایک ہزار سے زائد افراد کو مانع حمل ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی سربراہی میں کوویڈ کے دوران ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے 52 فلاحی مراکز اور 2 فیملی ہیلتھ کلینکس عوام الناس کو خاندانی منصوبہ بندی کے لحاظ سے معیاری طبی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں دور دراز علاقوں میں محکمہ صحت کی معاونت سے محکمہ بہود آبادی کے 2فری فیملی ہیلتھ موبائل یونٹ قائم کر کے لوگوں کو ماں اور بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت ، محکمہ تعلیم اور دیگر تمام لائن ڈیپارٹمنٹ بھی محکمہ بہبود آبادی کے ساتھ مل کر عوام الناس کو ضروری آگاہی جیسی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بلوغت، ذاتی صفائی اور متوازن غذا کے حوالے سے ضروری معلوماتی سیشنز منعقد کئے جاتے ہیں ۔

جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلاشبہ محکمہ بہبود آبادی کا بنیادی کام ہی عوام الناس کو مختلف طریقوں سے آمادہ کر کے خاندانی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کروانا ہے۔ جس کیلئے محکمہ بہبود آبادی اپنے کوالٹی آف ورک کو اہداف کے ذریعے مذید موثر اور یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کی سرگرمیوں کے حوالے سے جہاں جہاں خامیاں پائی جاتی ہیں ان کو درست کر کے مذید موثر اور فعال بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمے کی ماہانہ کارکردگی میں اضافے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا آئندہ اجلاس میں بذات خود جائزہ لیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں