ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل کو سو فیصد یقینی بنایا جائے، طارق علی بسرا

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور گلی محلوں، بس اڈوں ، سٹیشن اور دیگر مقامات پر مامور ٹیموں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے، انہوں نے کہا کہ دنیا نے پولیو سے نجات حاصل کر لی ہے اب ہمیں اس کے خاتمے کیلئے قومی فریضہ کے طور پر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنا ہوں گی۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 24ستمبر 2021) ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع بھر میں جاری انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز کی کاروائیوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر افتخار ، ڈاکٹر خالد عباسی، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیو رافعہ ناہید، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں اجلاس کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کے پانچ سال تک کی عمر کے مجموعی طور پر2 لاکھ 19 ہزار842 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے جبکہ ہدف 2 لاکھ 25 ہزار 502 مقرر کیا گیا تھا۔ اس طرح مجموعی کوریج 97 فیصد رہی ۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کے پولیو فری سٹیٹس کو برقرار رکھنے کیلئے ہر فرد اپنی ذمہ داری پوری کرے، جن گھروں اور پوائنٹس پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں مانیٹرنگ ٹیمیں اس کی تصدیق کریں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ انسدادپولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے جگر گوشوں کو پولیو مرض سے محفوظ رکھنے اور انہیں مستقل معذوری سے بچانے کیلئے انسداد پولیو ویکسی نیشن کے قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران پر واضح کیا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اس میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے فیلڈ میں مصروف عمل پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تا کہ ضلع کا پولیو فری سٹیٹس برقرار رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں