منڈی بہاﺅالدین میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی

حکومت پنجاب اور محکمہ پبلک پراسیکیوشن کے اشتراک سے منڈی بہاﺅالدین میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی پرائس کنٹرول قانون 1977ء کے حوالے سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 23ستمبر 2021) دوسرے روز ڈپٹی کمشنر آفس میں مختلف سیشنز ہوئے جن میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل حافظ اصغر علی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر محمد حسین سندھو نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کوٹرائل اور حتمی آرڈرکے حوالے سے عبوری آرڈرز، ججمنٹ رائٹنگ کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی لیکچرز دئیے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے بعض سوالات کے بھی تفصیلی جوابات دیئے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول رکھنے پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ،اس تناظر میں قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تربیتی ورکشاپ نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ ڈی پی جی اور ڈی ڈی پی پی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت حاصل اختیارات ، دائرہ اختیار سمیت حکومتی ترجیحات بارے آگاہ کیا تا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کو اس کی اصل حالت میں نافذ کرتے ہوئے ناجائز منافع خوری ، ذخیری اندوزی کی روک تھام ممکن بنا کر حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو تاکید کی کہ وہ ٹریننگ کے دوران پرائس کنٹرول ایکٹ سے مکمل آگاہی کے بعد اس پر من و عن عمل درآمد بھی کریں۔ انہوں نے دوروزہ ٹریننگ پروگرام کے کامیاب انعقاد پر ضلعی انتظامیہ کی بھرپور معاونت کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ طے شدہ قواعد وضوابط کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ تربیت حاصل کرنے والے پرائس مجسٹریٹس صاحبان نے ماسٹر ٹرینرز کی طرف سے فراہم کی جانے والی مفصل بریفنگ پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں