pia

پاکستان سے جدہ، دبئی، لندن اور دیگر شہروں کیلئے پروازیں، ٹکٹوں سے متعلق اہم خبر

کورونا پابندیوں میں نرمی ہوتے ہی مقامی وغیرملکی ائیرلائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا، پنجاب کے دارالحکومت سے دبئی کیلئے ریٹرن کرایے میں 3گنا اضافہ ، ذرائع

اسلام آباد ( اخبار تازہ ترین، 23ستمبر 2021) پاکستان سے جدہ، دبئی، لندن اور دیگر شہروں کیلئے پروازوں کا آغاز، ٹکٹوں کی قیمتوں میں ردو بدل سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی ۔ تفصیلات کے مطابق کورونا پابندیوں میں نرمی ہوتے ہی مقامی وغیرملکی ائیرلائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا، پاکستان کے مختلف شہروں سے بیرون ملک کیلئے پروازوں کی ٹکٹوں کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور سے استنبول، لندن اور جدہ کے کرایوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ غیرملکی ایئرلائنز نے پنجاب کے دارالحکومت سے دبئی کیلئے ریٹرن کرایے میں 3گنا اضافہ کردیا۔ لاہور سے دبئی کا بزنس کلاس ریٹرن ٹکٹ 3لاکھ 98 ہزار 400 روپے کا ہوگیا جبکہ لاہور سے دبئی کا کرایہ 60 ہزار روپے ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی ائیرلائنز لاہور ٹو دبئی کا اکانومی کلاس کا ٹکٹ 90 ہزار 800 روپے کا فروخت کر رہی ہیں۔

جبکہ لاہور سے دبئی اکانومی کالاس کا یک طرفہ چالیس ہزار کرایہ ہے۔اسی طرح ایک اور غیرملکی ایئرلائن لاہور ٹو استنبول اور لندن کیلئے 1لاکھ 90 ہزار روپے کا ٹکٹ فروخت کررہی ہے جبکہ لاہور سے استبول کا کرایہ 90 ہزار روپے ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ فارن کرانسی کی مد میں ٹکٹ جنتی مہنگی ہو گی ڈالر بڑھنے کا خدشہ ہے، پی آئی اے نے لاہور سے دبئی کیلئے فلائٹ آپریشن بند کیا ہوا ہے۔

دوسری جانب چند روز قبل اتحاد ایئرویز نے ٹکٹوں پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا ہے، ٹکٹوں پر رعایت مال آف دبئی میں قائم پاپ اپ اسٹینڈ سے ٹکٹ خریدنے پر دی جائے گی،اسٹینڈ عام دنوں میں صبح دس بجے سے رات دس بجے تک کھلا رہے گا۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اتحاد ایئرویز نے مال آف دبئی میں قائم پاپ اپ اسٹینڈ سے ٹکٹ خریدنے پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا ہے۔

ویک اینڈ کے دوران مسافر درمیانی شب تک ٹکٹ رعایتی نرخوں میں خرید سکیں گے۔ جبکہ اسٹینڈ عام دنوں میں صبح دس بجے سے رات دس بجے تک کھلا رہے گا۔ پاپ اپ اسٹینڈ مال آف ایمریٹس کے گراؤنڈ فلور پر واقع ہے، وہاں سے بھی مسافر ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ مال آف دبئی میں قائم پاپ اپ اسٹینڈ سے مستقبل کی بکنگ کے لیے بھی 25 فیصد رعایت کے کوڈز حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

ٹکٹوں پر رعایت اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس کے مسافروں کے لیے دستیاب ہیں۔ مارکیٹنگ اینڈ اسپانسرشپ اتحاد ایئرویز کی نائب صدر آمنہ طاہر نے کہا کہ بیرون ملک سے ابوظبی پہنچنے والے تمام ویکسین شدہ مسافروں کے لیے قرنطینہ کے بعدمسافروں کو دوبارہ سفر کرنے کی ترغیب دینے کیلئے اس موقع کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔دوسری جانب دبئی ایکسپو 2020 میں آنے والوں میں سے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کو مفت پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت دے دی گئی۔

منتظمین کی جانب سے عالمی میلے کو دیکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے وزیٹرز کا یا تو کوویڈ 19 کے خلاف ویکسی نیشن مکمل ہونا ضروری ہے یا 72 گھنٹوں کے اندر منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانا ہوگی ، غیر ویکسی نیشن شدہ افراد کے لیےایکسپو ون ڈے یا ملٹی ڈے پاس کے ساتھ کسی بھی درست ایکسپو 2020 ٹکٹ پر پی سی آر ٹیسٹ مفت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں