انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر878 افراد کو نوٹسز جاری

منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 20ستمبر 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے ماحول کو صاف اور خشک رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ اس امر کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری محکموں کے ساتھ کمیونٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات کے بعد عام آدمی میں ڈینگی سے آگاہی میں کافی اضافہ ہوا ہے تاہم پھر بھی کوئی رسک نہیں لیا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے ) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، ڈپٹی ڈائریکٹر پاپولیشن ویلفیئر ز عفران حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ منڈی بہاﺅالدین ڈاکٹر قمر الزمان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پھالیہ ڈاکٹر بشریٰ چوہدری، فیلڈ آفیسر ماحولیات عاطف عمران، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کی کاروائی کے مطابق ہاٹ سپاٹ جگہوں کی چیکنگ کے دوران لاروے پائے جانے پر فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے جبکہ سو فیصد تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے مذید بتایا کہ13سے 19 ستمبر تک 518 ٹیموں نے ان ڈور 90 ہزار450 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ 65 ٹیموں نے آﺅٹ ڈور 10 ہزار 560 گھروں کو چیک کیا۔اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 3 لاکھ 62 ہزار 311 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت 38 ہزار 685 کنٹینرز چیک کئے گئے اور ہاٹ سپاٹ کوریج 100 فیصد رہی۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر878 افراد کو نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں ۔

بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ منڈی بہاﺅالدین ڈینگی فری ضلع ہے ہمیں بحیثیت مجموعی ذمہ دارانہ رویہ اختیار رکھتے ہوئے اپنے ارد گرد کے ماحول کو خشک رکھنا ہے تا کہ ڈینگی مچھر کے لاروا کی افزائش نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر اور گھروں کی صفائی خصوصاً چھتوں، گملوں، لانز میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور اس سلسہ میں ہر شخص پر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آنے والی نسلوں کو ڈینگی کے ناسور سے محفوظ بنانے کیلئے ڈینگی کو مات دینا ہوگی یہ اسی صورت ممکن ہے جب مشینری جذبہ کے تحت فرائض کی بجاآوری ممکن بنائی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر کے سرکاری دفاتر میں افسران انسداد ڈینگی ایس او پیز پر نہ صرف سختی سے عمل کریں بلکہ ہاﺅس کیپنگ کرنے کے علاوہ دوسرے محکموں کو بھی اس کا احساس دلائیں۔اس ضمن میں حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اس حوالے سے کوئی کوتاہی یا سستی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں