اوورچاجنگ، پیمانوں میں گڑبڑ کرنے پر پٹرول پمپ مالکان کو 20ہزار روپے جرمانہ

منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 14 ستمبر 2021) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پرڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز مرزا محمد سعید نے ضلع بھر میں پیٹرول پمپوں کی چیکنگ کا آغاز کر دیا ہے، اس ضمن میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پٹرول پمپس کی چیکنگ کے دوران اوور چارجنگ، پیمانوں میں گڑ بڑ اور دیگر بے ضابطگیوں پرپٹرول پمپس مالکان کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 20 ہزار روپے جرمانہ کر دیا ۔

اسی طرح اسسٹنٹ انسپکٹر ویٹس اینڈ میئرز عابد حسین تلہ نے پھالیہ میں مختلف شاپس جن میں چکن اور بیف شاپس کے کنڈہ جات شامل ہیں کو چیکنگ کے دوران باٹس میں کمی پر 20 دکانداروں کے باٹس ضبط کر لئے اور چالان عدالت میں بھجوا دئیے۔ اس موقع پر ڈی او انڈسٹریز مرزا محمد سعید اور اسسٹنٹ انسپکٹر ویٹس اینڈ میئرز عابد حسین تلہ نے کہا کہ ناپ تول اور اوزان میں پیمائش پر کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی.

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان

انہوں نے کہا کہ صارفین کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گاچاہیے کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کے تحفظ کیلئے ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی پٹرول ایجنسیز، اوورچارجنگ ، پیمانوں میں گڑ بڑ اور دیگر بے ضابطگیوں پر کریک ڈاﺅن منطقی انجام تک جاری رہے گا ۔

مرزا محمد سعید نے پٹرول پمپس اور کنڈہ جات مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی افعال سے باز رہتے ہوئے پیمانوں کو درست حالت میں رکھیں اور اوورچارجنگ سے باز رہیں، آئندہ چیکنگ کے دوران خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے جانے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے اور انہیں جیل کی ہوا بھی کھانا پڑے گی۔

آج کی ریٹ لسٹ دیکھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں