اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ اور ملکوال نے غربت کے شکار بچوں سمیت 13 افراد کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سنٹر منتقل کر دیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 14 ستمبر 2021) ڈپٹی کمشنر اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار اور اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی نے غربت کے شکار بچوں سمیت 13 افراد کو تحویل میں لے کر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سنٹر منتقل کر دیا۔ غربت کے شکار بچوں اور افراد کو تحصیل پھالیہ اور ملکوال کے علاقوں سے ریسکیو کیا گیا۔

متعلقہ سنٹرز کو حوالگی کے بعد اسسٹنٹ کمشنر اور اسسٹنٹ ملکوال نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پیشہ ور گداگری کے خاتمے کیلئے حکومتی ہدایت پر ضلعی اور تحصیل انتظامیہ پوری طرح پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد گداگری کی مہم کو موثر بنانے کیلئے کمیونٹی تعاون اشد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھکاریوں کو رقم دینے کی بجائے انہیں رزق حلال کمانے کی طرف راغب کیا جائے اور بھکاری مافیا اور معصوم بچوں سے بھیک منگوانے والوں کی نا صرف حوصلہ شکنی کی جائے بلکہ ان کو قانون کے کٹہرے میں بھی لایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ معاشرے کو گداگری سے پاک کرنے کیلئے اسلامی تعلیمات کے حوالے سے پوری قوم کو آگاہی کی فراہمی بھی نہایت ضروری ہے۔یہی وجہ ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں گداگری کے خلاف ایک مربوط مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے انتظامیہ کے علاوہ دیگر تمام سرکاری ادارے محکمہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی معاونت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مذید کہا کہ ان اقدامات سے ہم نا صرف معاشرے سے گداگری جیسی لعنت کا قلع قمع کر سکتے ہیں بلکہ ایسے افراد کی بحالی میں معاونت کر کے ملک کے مفید شہری بننے میں بھی ان کی مدد کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں