منڈی بہاوالدین اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتیں مقرر، کیا سستا ہوا کیا مہنگا؟ تفصیلات دیکھیں

منڈی بہاﺅالدین(ایم.بی.ڈین نیوز 31 اگست2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ تاجر حضرات اور کریانہ مرچنٹس حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں کو موثر بنانے میں اپناکلیدی کر دار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے نمائند گان کے ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تعین کرنے کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپتی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ڈی او انڈسٹریز و فوکل پرسن محمد سعید، انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے عہدیداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز محمد سعید نے اجلاس کو مختلف اضلاع میں موجودہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تاجران اور متعلقہ افسران کے ساتھ غوروخوص کے بعد متفقہ طور پراشیائے خوردونوش کی قیمتیں مارکیٹس کے جائزے کے بعد مقرر کر دیں۔ جس کے مطابق باسمتی سپر کرنل نیا 115 روپے کلو،باسمتی سپر کرنل پرانا 125 روپے کلو، دال چناموٹی 135روپے، دال چنا باریک 130روپے، دال ماش دھلی240روپے، دال ماش چھلکا والی210 روپے ، دال مونگ دھلی ہوئی 135 روپے کلو، دال مونگ چھلکا والی 130 روپے، دال مسور موٹی180 روپے، دال مسور باریک 205 روپے، بیسن 135 روپے، سفید چنا موٹا 185روپے،سفید چنا کینیڈی باریک 155 روپے، کالا چنا 130 روپے فی کلو گرام پر دستیاب ہوں گے ۔

منڈی بہاوالدین میں آج کی ریٹ لسٹ

اسی طرح تندوری روٹی100گرام 7 روپے فی عدد، نان 12 روپے فی عدد پر دستیاب ہونگے جبکہ بقیہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پہلی قیمت پر ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سبزیوں، فروٹ ، انڈے ، برائلر گوشت مارکیٹ کمیٹی روزنامہ کی بنیاد پر مقرر کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کسی غریب اور چھوٹے دکاندار کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے بلکہ صریحاََ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ضروری اشیاءخوردونوش،پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اورموجودہ حالات میں عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو مقامی انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کا ہمیشہ سے اعتماد و تعاون حاصل رہا ہے۔ انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں۔ جس پر انجمن تاجران نے انتظامیہ کو اپنے غیر مشروط اور بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ناصرف بھرپور تعاون کیا جائیگا بلکہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلے میں کوئی سفارش نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں