اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین کا سبزی و پھل منڈی کا دورہ، بولی کا جائزہ لیا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 23 اگست2021 ) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ نے علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے عمل کا جائز ہ لیا۔ انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کا جائزہ بھی لیا۔ان کے ہمراہ سیکرٹری مارکیٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کو عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے کنٹرول کیا جا رہا ہے اورمنڈی میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
آج کی تازہ ترین ریٹ لسٹ دیکھیں

انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران سے کہاکہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔ امتیاز علی بیگ نے واضح کیا کہ قیمتوں میں بلا جواز اضافے کے منفی رحجان کو سختی سے روکا جائے گا اور پرائس ایکٹ کے تحت کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی لہذٰا آڑھتی حضرات حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں