منڈی بہاوالدین میں اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتیں مقرر ، کیا سستا ہوا کیا مہنگا؟ تفصیلات دیکھیں

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 05 اگست2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ تاجر حضرات اور کریانہ مرچنٹس حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں کو موثر بنانے میں اپناکلیدی کر دار ادا کریں، انہوں نے تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو حکومتی ہدایات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بازاروں اور مارکیٹوں میں کاروبار سے منسلک تمام افراد کو کورونا ویکسی نیشن کروانے کا پابند کریں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کی جانب سے 4 ٹیمیں کل سے ویکسی نیشن کی سہولت کی فراہمی کیلئے بازاروں اور مارکیٹوں میں متحرک کر دی جائیں گی اور ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کو کسی بھی صورت کاروبار کی اجازت نہ ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے نمائند گان کے ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوںکا تعین کرنے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی او انڈسٹریز و فوکل پرسن رانا گلفام حیدر، انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے عہدیداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر نے نے اجلاس کو مختلف اضلاع میں موجودہ اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تاجران اور متعلقہ افسران کے ساتھ غوروخوص کے بعد متفقہ طور پراشیائے خوردونوش کی قیمتیں مارکیٹس کے جائزے کے بعد مقرر کر دیں۔ جس کے مطابق باسمتی سپر کرنل نیا 115 روپے کلو، دال چناموٹی135 روپے، دال چنا باریک 120 روپے، دال ماش دھلی230 روپے، دال ماش چھلکا والی180 روپے ، دال مونگ دھلی ہوئی 135 روپے کلو، دال مونگ چھلکا والی 120 روپے، دال مسور موٹی 140 روپے، دال مسور باریک 170 روپے، بیسن 125 روپے، سفید چنا موٹا 140 روپے، سفید چنا کینیڈین125 روپے، کالا چنا 120 روپے فی کلو گرام پر دستیاب ہونگے ۔

آج کی ریٹ لٹ دیکھیں

اسی طرح مٹن 900 روپے فی کلو، بیف450 فی کلو دستیاب ہو گا۔ اسی طرح تندوری روٹی100 گرام 7 روپے فی عدد، نان 12 روپے فی عدد پر دستیاب ہونگے جبکہ بقیہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پہلی قیمت پر ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سبزیوں، فروٹ ، انڈے ، برائلر گوشت مارکیٹ کمیٹی روزنامہ کی بنیاد پر مقرر کرے گی۔ بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کسی غریب دکاندار کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے بلکہ صریحاََ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ضروری اشیاءخوردونوش، پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اور موجودہ حالات میں عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو مقامی انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کا ہمیشہ سے اعتماد و تعاون حاصل رہا ہے۔ انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں۔ جس پر انجمن تاجران نے انتظامیہ کو اپنے غیر مشروط اور بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ناصرف بھرپور تعاون کیا جائیگا بلکہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلے میں کوئی سفارش نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں